نیمہ شعبان کے موقع پر امام زمانہ (عج) کا محنت کش افراد کیلئے ہدیہ
شیعیت نیوز: ہم نے اس بار امام زمانہ (عج) کی ولادت کی مناسبت پر انکی جانب سے اپنے علاقے کے محنت کش افراد میں ہدیہ تقسیم کیا۔ اس امید کے ساتھ کہ اگلے سال امام وقت (عج) خود آکر اس سلسلہ کو جاری رکھیں گے”
یہ کہنا ہے کوئٹہ کے علاقہ ہزارہ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون مرضیہ صالحی کا، جنہوں نے اپنی دیگر سہیلیوں کے ساتھ پندرہ شعبان ولادت امام زمانہ (عج) کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن کے متعدد محنت کش مزدوروں میں نقد ہدیہ پیش کیا۔
اپنی ریڑھی پر روز کی طرح سبزیاں فروخت کرتے ہوئے محمد اسماعیل کو چند طالبات نے ایک لفافہ پیش کیا تو وہ بہت حیران ہوگئے۔ لفافے پر "از طرف امام زمانہ ‘مہدی’ (عج) برائے شما” لکھا ہوا تھا۔ فارسی میں لکھے گئے اس تحریر کا مطلب تھا "وقت کے امام ‘مہدی’ (عج) کی طرف سے آپ کیلئے”۔ اسماعیل کچھ سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ایک طالبہ نے ان سے کہا ” یہ ہدیہ امام زمانہ (عج) کی جانب سے آپ کیلئے ہے”
یہ بھی پڑھیں:حضرت مہدی (ع) کی ولادت باسعادت کے موقع پر کربلا معلی میں لاکھوں زائرین کی آمد
اسماعیل ایک لمحہ کیلئے پریشان ہوگیا اور حیرانی کے عالم میں پوچھا "امام؟ میرے لئے؟”۔ طالبات نے انہیں بتایا کہ آج کے دن امام زمانہ (عج) کی جانب سے آپ کیلئے یہ ہدیہ بھیجا گیا ہے۔ آج انکی ولادت ہے اور آپ کو اس کا تحفہ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ جملے سننے کے بعد اسماعیل اپنے اشکوں پر قابو نہ رکھ سکا اور اسکی آنکھوں سے آنسو ٹپکنے لگے۔
وہ کہنے لگا "آج میری زندگی کے یادگار دنوں میں سے ایک ہے۔ کل مجھے معلوم نہیں تھا کہ امام زمانہ (عج) کی ولادت کا دن ہے۔ کل رات جگہ جگہ چراغانی اور جشن پر میں نے اپنے دوستوں سے دریافت کیا، تو میرے دوست نے بتایا کہ آج شب برات، ولادت امام مہدی (عج) کی رات ہے۔ میں نے آج نماز فجر کے بعد دعائے امام زمانہ (عج) پڑھی۔ شاید اسی لئے امام (عج) نے مجھے یہ تحفہ بھیجا ہے”
مرضیہ اور انکی سہیلیاں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی طالبات ہیں۔ جو "بصیرت حسینی” کے نام سے قائم ایک ادارے کو چلاتی ہیں۔ انکی جانب سے سال کے مختلف ایام میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل اعتکاف، تربیتی ورکشاپ، جشن، مجالس اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد بھی کرچکی ہیں۔ انکی جانب سے ہفتہ وار "بصیرت اسٹڈی سرکل” کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ جسے مرضیہ اپنے ادارے کا روح سمجھتی ہیں۔ اسٹڈی سرکل میں مختلف موضوعات پر بحث ہوتی ہے۔
اس بار بصیرت حسینی سے تعلق رکھنے والی طالبات نے محنت کش افراد کو مدنظر رکھا اور انکے لئے نقد ہدیہ کا انتظام کیا۔ جسے انہوں نے امام زمانہ (عج) کی جانب سے محنت کش افراد میں تقسیم کیا۔
شب برات اور نیمہ شعبان کے گزر جانے کے بعد ہزارہ ٹاؤن میں پھل فروخت کرنے والے 45 سالہ محمد رضا بہت خوش ہیں۔ شب برات کے موقع پر نذر و نیاز کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد نے ان سے پھلوں کی خریداری کیں۔ ملک میں حالیہ مہنگائی میں اضافے کے بعد بہت کم لوگ ہی اتنی خریداری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مرضیہ صالحی اور انکی سہیلیوں نے بھی محمد رضا کو امام زمانہ (عج) کی جانب سے ہدیہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی مسیحیوں کے عالمی مذہبی روحانی پیشوا پاپائے اعظم یونان جناب ائیرو نیموس سے ملاقات
محمد رضا شب برات کو بھی ایک بابرکت رات سمجھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں "امام وقت (عج) کی ولادت کے موقع پر مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔ یہ ہمارے لئے بہترین ایام میں سے ایک ہے۔ میرا یقین ہے کہ اس دن دعائیں عام دنوں کی نسبت جلدی قبول ہوتی ہیں”
مرضیہ کہتی ہیں کہ حال ہی میں انہوں نے اعتکاف کا اہتمام کیا تھا۔ جس کا عنوان تھا "آمادہ باش ائ جوان، ظہور نزدیک است” یعنی تیار رہو اے جوانوں، ظہور قریب ہے۔ اسی عنوان سے انہیں یہ خیال آیا کہ اس سال محنت کش مزدوروں کو امام زمانہ (عج) کی جانب سے تحائف دیئے جائیں۔
وہ کہتی ہیں کہ گزشتہ سال تیرہ رجب کے دن بھی ایسا ہی پروگرام رکھا گیا تھا۔ تیرہ رجب کو امام علی علیہ السلام کی ولادت ہے۔ جس کی وجہ سے اس دن کو مرد حضرات سے منسوب کرتے ہوئے محنت کش افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ البتہ گزشتہ سال ان میں کیک تقسیم کئے گئے تھے۔
امام زمانہ (عج) کی جانب سے ہدیہ موصول کرنے والے ایک اور محنت کش ہدیہ پا کر بہت خوش ہوئے۔ وہ مرضیہ اور انکی سہیلیوں کا شکریہ ادا کر رہے تھے، تاہم مرضیہ نے انہیں بتایا کہ یہ انکی جانب سے نہیں، بلکہ امام وقت (عج) کی جانب سے آپ کو دیا گیا ہے۔ ہم فقط اس کام کیلئے وسیلہ بنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایس او کراچی کے زیر اہتمام یوم ولادت امام مہدیؑ پرمرکزی شب دعا کا عظیم الشان اجتماع
مرضیہ صالحی کہتی ہیں، "ہم ایک ایسے طریقے سے محنت کش افراد کی مدد کرنا چاہتے تھے۔ جس سے نہ صرف انکی مدد ہو، بلکہ اسے کسی خاص دن سے منسوب بھی کیا جائے۔ اسکے ساتھ ساتھ ایک پیغام کا سلسلہ بھی جاری رہے۔ لوگ امام زمانہ علیہ السلام کیلئے خطوط بھی لکھتے ہیں۔ اسی طرح یہ بھی امام (عج) کی جانب سے ایک مختصر تحفہ ہے”
انہوں نے جلد ظہور امام (عج) کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے اس بار امام زمانہ (عج) کی ولادت کی مناسبت پر امام کی جانب سے اپنے علاقے کے محنت کش افراد میں ہدیہ تقسیم کیا۔ وہ چاہتی ہیں کہ اگلے سال امام وقت (عج) خود آکر اس سلسلہ کو جاری رکھیں۔
ایسی سرگرمیاں اکثر ان مواقع پر کی جاتی ہیں جب پیغمبر اسلام (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) یا اہلبیت (علیہ السلام) سے تعلق رکھنے والی کسی ہستی کی پیدائش کا دن ہو۔ مرضیہ صالحی اور انکی دیگر سہیلیاں سال بھر مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ظہور امام (عج) کیلئے راہ ہموار کرتی ہیں۔
رپورٹ: اعجاز علی







