مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد شہری زخمی

شیعیت نیوز: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی دراندازی کے دوران جھڑپوں میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے شمال میں بیت امر قصبے اور قلقیلیہ کے مشرق میں واقع کفر قدوم اور نابلس کے مغرب میں واقع سبسطیا قصبے میں اسرائیلی فوج اور شہریوں کے درمیان ہفتے کی شام جھڑپیں ہوئیں۔
الخلیل میں اس وقت جھڑپیں شروع ہوئیں جب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں شہر کے شمال میں بیت امر کے داخلی دروازے پر ایک خاتون کے جنازے کو روکا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ نوجوانوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب انہوں نے سوگواروں کو قصبے کے داخلی راستے پر جنازے کو قبرستان تک پہنچانے سے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے، ایرانی صدر رئیسی
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شہریوں پر براہ راست گولیاں، سٹن گرنیڈ اور گیس بموں سے فائرنگ کی جس سے ایک نوجوان پاؤں میں چھرے لگنے سے زخمی ہونے کے علاوہ دم گھٹنے کے درجنوں واقعات پیش آئے۔ اس دوران اسرائیلی فوجی متعدد گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے۔ قصبے کے داخلی دروازے پر آہنی گیٹ بند کر دیا۔
ایک متعلقہ تناظر میں اسرائیلی قابض فوج نے چرواہوں کا پیچھا کیا اور الخلیل کے جنوب میں الظاہریہ قصبے کے مشرق میں واقع گاؤں زنوتہ میں مویشیوں پر حملہ کیا، جس سے صالح محمود ابو عواد کی ملکیت میں موجود بھیڑوں کے ریوڑ کو نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے العروب کیمپ کے مرکزی شمالی علاقے میں داخلی دروازے پر آہنی گیٹ بند کر دیا، شہریوں کو نقل و حرکت سے روکا، متعدد گاڑیوں کو ضبط اور تلاشی لی اور شہریوں کی شناخت پریڈ کی۔
دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کے جنین علاقے میں سیکڑوں مزاحمتی نوجوانوں نے اپنے اسلحوں کے ہمراہ پریڈ کر کے ایک بار پھر غاصب صیہونی دشمن کو اپنے فولادی عزائم سے آگاہ کر دیا ہے۔
فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں ان دنوں حساس صورت حال کے پیش نظر فلسطینی نوجوانوں کی یہ پریڈ کافی اہم سمجھی جا رہی ہے۔