چین کے پاس ہم سے زیادہ بین البراعظمی میزائل لانچرز ہیں، امریکی اسٹریٹجک کمانڈ
شیعیت نیوز: امریکی فوج کی اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل انتھونی کاٹن نے کانگریس کو لکھے گئے خط میں بتایا ہے کہ چین کے پاس ہم سے زیادہ بین البراعظمی میزائل لانچرز ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق چین کے پاس زمین پر نصب اور موبائل لانچرز کی تعداد امریکا سے زیادہ ہے۔
امریکی فوج کی اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل انتھونی کاٹن نے یہ بات 26 جنوری کو بذریعہ خط کانگریس کو بتائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : جی سیون گروپ کی جانب سے ایران، چین و شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی تیاری
خط میں یہ نہیں کہا گیا کہ چین کے پاس زیادہ میزائل یا نیوکلیئر وارہیڈز ہیں لیکن میزائل لانچرز میں امریکا پیچھے رہ گیا ہے۔
یہ خط موصول ہونے کے بعد کانگریس آرمڈ سروسز کمیٹی کے ریپبلکن ارکان نے مشترکہ بیان دیا کہ امریکہ کے جاگنے کا وقت آگیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ چین اپنی جوہری طاقت کو جدید تر بنا رہا ہے اور یہ عمل تیزی سے جاری ہے۔
ارکان نے کہا کہ ہمارے پاس وقت نہیں ہے کہ ہم روس اور چین دونوں کے مقابلے کیلئے اپنی نیوکلیئر فورس کے خدوخال ٹھیک کریں، اس کا یہ مطلب ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس زیادہ تعداد ہو اور نئی صلاحیتیں ہوں۔
امریکی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ امریکہ کے پاس ایک درجن سے زائد سب میرینز ایسی ہیں جن سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل لانچ کیے جاسکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکہ کے پاس 5 ہزار سے زائد نیوکلیئر وار ہیڈز ہیں جبکہ چین نے حال ہی میں 400 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔







