مشرق وسطی

شام اور ترکیہ میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

شیعیت نیوز: تباہ کن 7.9 شدت کے زلزلے سے شام اور ترکیہ میں دس ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے جب کہ ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ زلزلے سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق شام میں چار ہزار زائد افراد اور ترکیہ میں چھے ہزار تین سو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسپتال منتقل کیے گئے اور ملبے سے مزید نکلنے والے زخمیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کر دیا جس کے دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا جب کہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : زلزلے کے موقع پر بھی شام کی انسان دوستانہ امداد کرنے سے امریکہ کا انکار

درایں اثنا اقوام متحدہ کے ادارے آنروا نے کہا ہے کہ شام میں آنے والے زلزلے سے ستاون ہزار فلسطینی پناہ گزین بھی متاثر ہوئے ہیں۔

آنروا کی ڈائریکٹر تعلقات عامہ تامارا الرفاعی نے شام میں زلزلے سے متاثر ہونے والے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ستائیس ملین ڈالر کی فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب آنے والے زلزلے کی شدت ریکڑ اسکیل پر 7.9 اورگہرائی 17.9 تھی۔ زلزلے کا مرکز ترکی کے جنوب مشرقی صوبے غازیان کے نردوی کے قریب تھا۔

زلزلے کے شدید جھٹکے اردن، شام، قبرص اور یونان میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے سے شام اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

تباہ کن زلزلے کے دوسرے روز بھی سینکڑوں افراد کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ سے حکام اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ زلزلے سے سڑکیں تباہ ہونے اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button