زلزلے کے موقع پر بھی شام کی انسان دوستانہ امداد کرنے سے امریکہ کا انکار

شیعیت نیوز: انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والے امریکہ نے شام میں تباہ کن زلزلے سے متاثرین کے لئے کسی بھی قسم کی انسان دوستانہ امداد دینے سے انکار کردیا ہے۔
ایک ایسے وقت جب شام میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور متاثرین کو فوری طور پر عالمی سطح کی انسان دوستانہ امداد کی اشد ضرورت ہے امریکہ نے کہا ہے کہ وہ شام کی مدد نہیں کرے گا۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے بدھ کو نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم شام میں جاری امدادی کارروائیوں کے دوران کسی بھی طرح کی مدد نہیں کریں گے۔
امریکی وزیرخارجہ نے دعوی کیا کہ شام میں ہمارے انسان دوستانہ مراکز ہیں اور ہم انہیں بجٹ فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہ کہہ رہے ہیں کہ زلزلے سے متاثرین کو نجات دلانے کے عمل میں ہم شام کی کوئی مدد نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اس سال 22 بہمن عوام کی عزت اور قومی اتحاد کا مظہر ہے، آیت اللہ خامنہ ای
اس درمیان شام میں زلزلے سے متاثرین کے لئے ایران کی جانب سے امداد کی تیسری کھیپ بھی لے کر ایک ہوائی جہاز حلب ہوائی اڈے پر اترگیا ہے اس موقع پر حلب ہوائی اڈے پر موجود ایران کے قونصلر جنرل نے کہا کہ ایران کی طرف سے یہ انسان دوستانہ امداد اس پیغام کی حامل ہے کہ ایران نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ قدرتی آفات کے دور میں بھی شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہوکر پابندیوں کو جو مغرب کی اقتصادی دہشت گردی ہے، ناکام بنائیں گے۔
ایران کی جانب سے انسان دوستانہ امداد اب تک دمشق، لاذقیہ اور حلب پہنچائی جاچکی ہیں۔
اس طرح شام کو امداد پہنچانے کے معاملے میں ایران پیش پیش رہا ہے اور اس نے شام کے خلاف مغرب کی اقتصادی پابندیوں کو بھی ناکام بنایا ہے۔
ایران کی جانب سے شام کے لئے بروقت انسان دوستانہ امداد پر شامی حکومت نے ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔