مشرق وسطی

شام میں زلزلے کے بعد 20 داعشی دہشت گرد جیل سے فرار کر گئے

شیعیت نیوز: شام کے زلزلہ زدہ علاقے میں واقع ایک جیل سے متعدد داعشی دہشت گرد فرار کرگئے ہیں۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ واقعہ شام کے شمال مغربی علاقے میں رونما ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، زلزلے کے بعد بیس داعشی دہشت گرد راجو جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو ہزار قیدی اس جیل میں موجود تھے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق داعش دہشت گرد گروہ سے تھا۔

ترکی کی سرحد کے قریب واقع اس جیل کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کردی اور جیل کے بعض حصوں پر قبضہ کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس جیل میں تیرہ سو سے زیادہ داعشی قید تھے۔

ادھر بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ایسی حالت میں پیش آیا ہے جب شام کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور ملبے میں دبے افراد کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کی درخواست

دوسری جانب شام کے مقامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شام میں آج کے شدید زلزلے میں حماہ میں شدید تباہی اور شام کے وزیر اعظم کی بہن بھی جاں بحق ہو گئی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین سے نقل کیا ہے کہ ترکیہ اور شام کے آج کے شدید زلزلے میں شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس کی بہن نسوب عرنوس اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شمالی شام کے صوبہ حماہ میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شام کے شمال میں شدید زلزلے کی وجہ سے الاربعین کے علاقے میں شام کے وزیر اعظم کی بہن کا گھر منہدم ہو گیا اور اس وقت گھر میں موجود زیادہ تر افراد جاں بحق ہو گئے۔

یاد رہے کہ شام میں آج آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں شدید تباہی ہوئی اور سینکڑوں افراد اس قدرتی آفت کا نشانہ بنے۔ شامی ہلال احمر کے مطابق زلزلے میں 350 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

حلب، حماہ اور ادلب کے شہر ان اہم علاقوں میں شامل تھے جہاں اس 7.7 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی پھیلائی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button