قرآن پاک کی بے حرمتی مغرب کی اخلاقی و انسانی پستی کی علامت ہے، حزب الله

شیعیت نیوز: لبنان کی سیاسی اور مقاومتی تحریک حزب الله کے نائب سربراہ نے اپنے ایک بیان میں مختلف مغربی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو مغرب کا پاگل پن قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں مسلمانوں کے قتل عام کو مغرب کا دیوالیہ پن قرار دیا۔
حزب الله کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن، ہالینڈ اور دیگر مغربی ممالک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت وہاں کی حکومتوں کی نگرانی میں قرآن پاک کی بے حرمتی مسلمانوں کے خلاف ان کے ظالمانہ اور متعصبانہ رویوں کی نشان دہی کرتا ہے کہ جو ان کے انحرافی اصولوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی توہین پر مغرب کا شور و غوغا اور امریکی حمایت کے ساتھ داعش کی جانب سے پاکستان میں سینکڑوں لوگوں کا قتل عام، انسانی سطح پر ان کے دیوالیہ پن کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے واقعات استحکام پاکستان کے خلاف گہری سازش ہیں،مرکزی صدر آئی ایس او حسن عارف
اس سے قبل حزب الله نے پاکستان کی ایک مسجد میں نمازیوں کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ تکفیری گروہوں کا ہولناک جرائم کی تکرار اور مسلمان ممالک کی سلامتی و استحکام کو نشانہ بنانا، تمام اسلامی ممالک سے ان قاتلین کا مقابلہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے، جو دینداری کا لبادہ اوڑھتے ہیں۔
آخر میں حزب اللہ نے امن کے قیام، مجرموں کے تعاقب اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کو اپنی کوششیں بڑھانے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ سوموار کو پاکستان کے شہر پشاور کے ریڈ زون میں واقع ایک مسجد میں پیش آیا۔ اس واقعے میں سینکڑوں افراد زخمی اور جاں بحق ہوگئے تھے۔ ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال مارچ 2022ء کو پشاور کے کوچه رسالدار کی شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں کم از کم ایک سو نمازی شہید ہوگئے تھے۔ اس واقعے کی ذمے داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔