مقبوضہ فلسطین

مقبوضہ قدس میں ہونے والا فدائی حملہ شہدائے جنین کا انتقام ہے، فلسطینی گروہ

شیعیت نیوز: فلسطین کے مقاومتی گروہوں نے گذشتہ شب مقبوضہ قدس میں ہونے والے فدائی حملے پر مبارک باد پیش کی ہے، اس فدائی حملے میں کم از کم آٹھ صیہونی آباد کار ہلاک ہوگئے تھے۔

فلسطین کی استقامتی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی نے مقبوضہ قدس میں ہوئی شہادت پسندانہ کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جمعرات کے روز جنین میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے خون کا انتقام اور ان کے جرائم کا جواب تھا۔

فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے مقبوضہ قدس میں صیہون مخالف مقاومتی کارروائی پر مبارک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شجاعانہ کارروائی جنین کے شہیدوں کے خون کا بدلہ تھا۔

جہاد اسلامی کے ترجمان طارق عزالدین نے اس آپریشن کی مبارک باد دی اور کہا کہ دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔

ڈیموکریٹک فرنٹ آف فلسطین نے اس فدائی حملے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی جامع عوامی مزاحمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کا تہران میں آذری سفارت خانے پر حملے کی جامع تحقیقات کے لیے حکم

تحریک جہاد اسلامی کے ایک رہنماء محمد شلح نے اس آپریشن کو شاندار اور فلسطینی قوم کے لیے باعث افتخار قرار دیا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس فدائی حملے نے صیہونی انتہاء پسند کابینہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے خلاف مظالم پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اس فدائی حملے میں کم از کم آٹھ صیہونی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ یہ کارروائی جمعرات کے روز صیہونی فورسز کی جانب سے جنین کیمپ پر حملہ کے نتیجے میں 10 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد انجام پائی۔

یاد رہے کہ صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو فلسطینیوں پناہ گزینوں کے کیمپ جنین پر دھاوا بولا تھا جس کے دوران انہوں نے کم از کم دس فلسطینیوں کو شہید اور بیس کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے صیہونی جارحیت و دہشت گردی کی سطح کو دیکھتے ہوئے تین روز کے عام سوگ کا اعلان کر دیا تھا اور فلسطینی عوام نے مقبوضہ علاقوں اور غزہ میں وسیع پیمانے پر مظاہرے بھی کئے تھے۔

اس کے علاوہ غزہ سے صیہونی بستی کی جانب راکٹ بھی فائر کئے گئے تھے جس سے صیہونیوں میں کھلبلی مچ گئی تھی اور وہ پناہ گاہوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button