مقبوضہ فلسطین

مراکش میں النقب فورم کی سرگرمیوں پر حماس کی تنقید

شیعیت نیوز: حماس کے ترجمان حازم قاسم نے مراکش میں ایک اور النقب فورم منعقد کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی حکام سے ملاقات کرنے پر بعض عرب ممالک کی مذمت کرتے ہوئے ان کی شرکت کو ’’قابض ریاست کے ساتھ دوستی‘‘ قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں، ترجمان قاسم نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں ’’ظالم اور نسل پرست‘‘ اسرائیلی حکومت کو فلسطینی عوام، ان کے مقدس مقامات اور قیدیوں کے خلاف اپنی جارحیت بڑھانے کے لیے مزید جری کریں گی۔

مصر ، امریکہ،  اسرائیل اوراس کے ابراہیمی معاہدے کے شراکت داروں (یو اے ای، بحرین ، مراکش) پر مشتمل النقب فورم کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس  کل (سوموار) کو ابوظہبی میں ہوا ہے۔ اجلاس میں آئندہ بہار مراکش میں  ہونے والی دوسری کثیرالجہت سربراہی اجلاس کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔

اسرائیلی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ایلون اُشپیز کر رہے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کی ویب سائٹ کے مطابق زراعت، دفاع، صحت، سیاحت، انٹیلی جنس، توانائی، معیشت اور تعلیم کی وزارتوں کے 20 سے زیادہ اعلیٰ حکام وفد میں شامل ہیں۔

یہ ملاقاتیں اسرائیل میں گزشتہ مارچ میں منعقدہ النقب سربراہی اجلاس کے بعدتیسرا اجتماع ہے۔ اس سے قبل قائمہ کمیٹی کا اجلاس جون کو بحرین میں اور اکتوبر میں زوم پر ہوا تھا۔

النقب فورم کے چھ دیگر اجلاس بھی یو اے ای میں ہو رہے ہیں جن کا مقصد علاقائی سلامتی، تعلیم، رواداری، پانی، خوراک، سلامتی، سیاحت اور توانائی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بتایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فائرنگ کے واقعات سمیت غرب اردن اور القدس میں 15 مزاحمتی کارروائیاں

دوسری جانب غزہ میں فلسطینی قیدیوں سے متعلق قومی و اسلامی گروہوں کی کمیٹی نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں قید خانوں کی ابتر صورت حال کی ذمہ دار نیتن یاہو کی کابینہ ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے پیر کی رات غزہ میں ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر کے سامنے اجتماع کر کے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس کمیٹی نے تاکید کی ہے کہ فلسطینی قیدیوں کی سزائے موت کے قانون سمیت صیہونی حکومت کے تمام جارحانہ اور ظالمانہ اقدامات کا مقابلہ کیا جائے گا۔

اجتماع کے شرکا نے جیلوں میں نیتن یاہو کابینہ کے عمل میں لائے جانے والے اقدامات کی شدید مذمت بھی کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button