شامی فوج کی گشتی گاڑی پر داعش دہشت گروہ کا حملہ
شیعیت نیوز: داعش دہشت گرد گروہ نے شام کے شہر الرقہ کے مغربی علاقے میں فوجی گشتی گاڑی پر حملہ کیا ہے۔
خبروں کے مطابق شامی فوج کی گشتی گاڑی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔
عراق میں موصل اور شام میں الرقہ کو داعش دہشت گرد گروہ سے آزاد کرائے جانے کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر اب بھی مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جن کی خفیہ سرگرمیاں جاری ہیں اور موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملہ کرتے رہتے ہیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پیدا اور اس طرح سے اپنے وجود کا اعلان کر سکیں ۔
رواں عیسوی سال شروع ہونے کے بعد سے داعش دہشت گرد عناصر نے شام کے مختلف علاقوں منجملہ الرقہ، دیرالزور، حماہ اور حمص کے مختلف علاقوں میں اپنے دہشت گردانہ حملے تیز کر دیئے ہیں جبکہ شام کی مسلح افواج نے بھی دہشت گردوں کے خلاف خصوصی کارروائی کے لئے مختلف علاقوں میں فوجی و بکتربند گاڑیاں اور فوجی گشتی دستے تعینات کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہید حاج(ق س)نے نا صرف عراق و شام بلکے پاکستان اور پورے ایشیاء کو ٹوٹنے سے بچایا،علامہ راجہ ناصرعباس
دوسری جانب اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ مغربی ملکوں کی شام مخالف پابندیوں سے شامی عوام کے مسائل و مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ شام میں ایسے بنیادی منصوبوں کی حمایت کے ساتھ انھیں آگے بڑھائے جانے کی ضرورت ہے جو ملک میں انسانی صورت حال کو بہتر بنانے میں مدد گا ثابت ہو سکیں ۔
انھوں نے کہا کہ شام میں انسان دوستانہ سرگرمیوں کو سیاسی طریقے سے جاری رکھے جانے اور انسانی صورت حال کو بہتر بنائے جانے میں سنجیدہ عزم کے فقدان اور اسی طرح جبری و غیر قانونی اقدامات عمل میں لائے جانے سے صرف شامی عوام کے مسائل و مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے کہا کہ شام میں بجلی کی فراہمی سمیت ایسے تمام شعبوں میں بنیادی منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے جانے کی ضرورت ہے جن کے نتیجے میں شامی عوام کی خدمات ہو سکیں اور شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی میں ترغیب ہو سکے۔
انھوں نے کہا کہ شام کی حکومت شامی عوام کو بنیادی خدمات پیش کرنے میں اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کر رہی ہے۔







