شام کی جانب سے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کی مذمت
شیعیت نیوز: پیر کے روز شام کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں قرارداد منظور ہونے کی مذمت کی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے اپنی ٹیلی فونک گفتگو میں علاقائی و بین الاقوامی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس گفتگو میں شام کے وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں حالیہ قرارداد کے اجرا اور مغربی ممالک کی جانب سے اپنے سیاسی اغراض و مقاصد کے لیے بین الاقوامی میکانزم کے استعمال کی شدید مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں : جرمنی خود انسانی حقوق کی سب سے اہم خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے, محمد دہقان
دوسری جانب ایسے میں جب شمالی شام اور عراق پر ترکی کے فوجی حملوں کے بارے میں بین الاقوامی تبصرے جاری ہیں، انقرہ نے ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار فراہم کیے ہیں۔
ترکی کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ شمالی عراق میں PKK کے 10 ارکان اور اس ملک کے شمال میں ’’سیریئن ڈیموکریٹک فورسز‘‘ گروپ کے 12 عسکریت پسندوں سمیت 22 کرد عسکریت پسند عراق میں فوجی کارروائیوں میں مارے گئے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی شام میں کرد علاقوں میں ترک فضائیہ کی پانچ روز کی کارروائیوں کے دوران کم از کم 125 جنگجو اور عام شہری ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
عین اسی وقت جب انقرہ کی جانب سے شمالی شام پر زمینی حملے کی دھمکیاں بڑھ رہی تھیں، میڈیا نے شمالی شام میں ترک فوجی ساز و سامان کی آمد کی تصویر شائع کی۔







