سعودی رجیم نے 24 گھنٹوں میں یمن پر 101 فضائی و میزائل حملے کیے، یمنی مسلح افواج کے ترجمان
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی رجیم کے جنگی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن پر 101 فضائی اور میزائل حملے کیے، جن میں دارالحکومت صنعاء کے ساتھ ساتھ الضالع، تعز، حدیدہ، ذمار، مأرب، صعدہ، الجوف، عمران اور لحج کے صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کے ساتھ فیصلہ کن مقابلہ جاری رہے گا، انصاراللہ
ترجمان نے بتایا کہ یہ حملے امریکی ساختہ ایف 15 اور یورپی ساختہ ٹائیفون طیاروں کے ذریعے کیے گئے جو خمیس مشیط اور طائف کے فوجی اڈوں سے اڑان بھرتے رہے، جبکہ نجران سے یمنی علاقوں پر میزائل داغے گئے۔ ان کے مطابق اس وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے کہا کہ حالیہ سعودی تصعید کے آغاز سے اب تک آل سعود یمن پر مجموعی طور پر 2 ہزار 489 فضائی اور میزائل حملے کر چکا ہے۔ یمنی وزارت صحت کے مطابق 3 ستمبر سے جاری اس جارحیت میں 124 یمنی شہید اور 327 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ اسی دوران ذمار میں کلسٹر بموں سے ایک ہی خاندان کے تین بچے شہید ہوئے۔
یاد رہے کہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان اس سے قبل سعودی ہوائی اڈوں پر جوابی کارروائیوں پر ریاض کے واویلے کو مسترد کرتے ہوئے یاد دلا چکے ہیں کہ سعودی اتحاد 12 برسوں میں یمن پر 2 لاکھ 74 ہزار 302 فضائی حملے کر چکا ہے، اور خبردار کر چکے ہیں کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی فضائی حدود کے سوا سعودی عرب کی فضائیں اور ہوائی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔







