اسلامی ممالک مکہ و مدینہ پر حملوں کا سعودی بہتان مسترد کر کے جارحیت رکوائیں، یمنی وزارت خارجہ

17 اکتوبر, 2026 12:12

شیعیت نیوز : یمن کی وزارت خارجہ و تارکین وطن نے عراقی دارالحکومت بغداد میں 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 52ویں اجلاس کے موقع پر جاری بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ اسلامی ممالک یمن پر ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسلط جارحیت اور محاصرے کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کریں گے اور قرآن کریم کے حکم ’’اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کراؤ‘‘ کے مطابق مصالحت کی کوشش کریں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ اسے توقع ہے کہ یہ اجلاس سعودی رجیم کی جانب سے یمنی قوم پر لگائے گئے اس ’’بہتانِ عظیم‘‘ کو قبول نہیں کرے گا کہ یمنی عوام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، کیونکہ یہ اس قوم کی سخت توہین ہے جو اسلامی مقدسات پر اپنی جانیں نچھاور کرنے کو تیار ہے۔ بیان میں اسلامی ممالک سے آیت کریمہ ’’اگر کوئی فاسق تمہارے پاس خبر لائے تو تحقیق کر لیا کرو‘‘ پر عمل کرتے ہوئے حقائق کی چھان بین کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : یمن پر سعودی جارحیت محاذِ مزاحمت کو کمزور کرنے کی امریکی سازش ہے، علامہ جواد نقوی

بیان میں کہا گیا کہ صنعاء کے مطالبات منصفانہ ہیں، ناممکن نہیں، اور ان کا تعلق جارحیت اور محاصرے کے خاتمے جیسے جائز حقوق سے ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق سعودی رجیم نے 12 برسوں کے دوران عام شہریوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا، گھروں، اسپتالوں، اسکولوں، ہوائی اڈوں، کارخانوں، سڑکوں، پلوں، کھیتوں، پانی کے ذخائر، بازاروں اور مساجد تک کو تباہ کیا، اور معاشی محاصرے، تنخواہوں کی بندش، صنعاء ایئرپورٹ کی بندش اور بندرگاہوں کے محاصرے کے ذریعے بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جس سے جدید تاریخ کا سب سے بڑا انسانی بحران پیدا ہوا۔

یمنی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ حالیہ تصعید کا آغاز بھی سعودی رجیم نے صنعاء ایئرپورٹ کو نشانہ بنا کر کیا اور اس کے بعد سے دو ہزار سے زائد فضائی حملے کیے جا چکے ہیں، سعودی پروپیگنڈا سراسر جھوٹ ہے اور صنعاء کسی بھی منصف اور غیر جانبدار ملک کے سامنے اس کا رد پیش کرنے کو تیار ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ بحیرہ احمر میں جہاز رانی محفوظ ہے اور اسے خطرہ صرف سعودی رجیم کی تصعید سے ہے۔

1:04 شام اکتوبر 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔