افغانستان :پوستہ کچالو نامی علاقے میں 5 داعشی دہشت گردوں کی ہلاکت
شیعیت نیوز: افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے پوستہ کچالو نامی علاقے میں پانچ داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کو اعلان کیا کہ داعش کے یہ عناصر کئی واقعات میں ملوث رہے ہیں اوروہ ایک بڑا منصوبہ بھی تیار کئے ہوئے تھے۔
داعش کے ان عناصر کو کابل کے شمال میں پوستہ کچالو نامی علاقے میں ہونے والی جھڑپ میں ہلاک کیا گیا۔
طالبان کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
انہوں نے اس جھڑپ میں طالبان کی سیکورٹی فورس کو پہنچنے والے نقصان کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا۔
اس سے قبل طالبان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف خصوصی آپریشن کر کے مشرقی صوبے ننگر ہار سے اس گروہ کے چھے دہشت گرد عناصر کو گرفتار کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : داعشی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حشد الشعبی کے تین جوان شہید
دوسری جانب طالبان انتظامیہ نے ایک بار پھر افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تردید کی ہے۔
طالبان انتظامیہ کے ڈپٹی ترجمان بلال کریمی نے افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مختلف ممالک کی جانب سے اظہار تشویش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کے ثبوت و شواہد نہیں پائے جاتے کہ افغانستان، دیگر ملکوں کے لئے کوئی خطرہ ہے۔
انہوں نے افغانستان میں لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے گروہوں کی موجودگی کی اطلاع کو بھی غلط بتایا اور کہا کہ افغانستان کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے اور افغانستان سے کسی بھی ملک کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
طالبان کے انتظامیہ کے ڈپٹی ترجمان بلال کریمی نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کے حقائق درک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان و ہندوستان کے حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے بارے میں اظہار تشویش کرتے ہوئے طالبان کی جانب سے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ افغانستان کےمختلف شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے ۔







