ایران کی ’سات روزہ تجویز‘ پر امریکی ردعمل موصول، متعلقہ اداروں میں جائزہ جاری ہے، نائب وزیر خارجہ
کاظم غریب آبادی
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ غریب آبادی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ ‘سات روزہ تجویز’ پر امریکہ کا ردعمل موصول ہو چکا ہے، جس کا اس وقت ملکی اداروں کی سطح پر باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ اہم انکشاف انہوں نے تہران میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ہمشیرہ کی تعزیتی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی سفارت کاروں کی ملک بدری کا امریکی دعویٰ اس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، ایرانی وزیر خارجہ
نائب وزیر خارجہ غریب آبادی نے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ رابطوں کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ دنوں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران جس ‘سات روزہ تجویز’ کی تفصیلات بیان کی تھیں، اسے باقاعدہ طور پر ثالثوں کے ذریعے امریکی حکام تک پہنچا دیا گیا تھا۔ اس پیغام کے تبادلے کے بعد اب واشنگٹن نے اس اہم معاملے پر اپنا ردِعمل اور نقطۂ نظر ایران کو ارسال کیا ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ فی الوقت امریکی مؤقف کا متعلقہ اعلیٰ اداروں میں جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کا حتمی مؤقف طے ہونے کے بعد اسے مناسب اور باضابطہ ذرائع سے دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔ غریب آبادی نے اس بات پر سختی سے زور دیا کہ تہران جہاں ایک طرف سفارتی عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھا رہا ہے، وہیں دوسری جانب خطے کی دیگر ممکنہ صورتحال اور مختلف آپشنز کے لیے بھی اپنی مکمل دفاعی اور سٹریٹجک تیاری برقرار رکھے ہوئے ہے۔







