بیلسٹک میزائلوں کی زبان میں شمالی کوریا کا امریکہ کو پیغام
شیعیت نیوز: شمالی کوریا نے امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے آج صبح ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کی جانب متوسط فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جاپان کے ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ میزائل جاپان کے جزیرے ہوکائیڈو سے ہوتا ہوا بحرالکاہل میں جا گرا، واقعہ میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
میزائل کے جاپان کی حدود سے گزرنے پر جاپان نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میزائل تجربے کے دوران حکام نے جاپان کے شہریوں کو ہوائی سفر کی جانب سے خبردار کیا تھا جبکہ ٹرین سروس بھی معطل کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کا 10 دنوں کے اندر یہ پانچواں میزائل تجربہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جارح سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی
پیونگ یانگ نے چند روز قبل بھی ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا ۔ یہ میزائلی تجربہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے جنوبی کوریا کے دورے کے موقع پر کیا گيا ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جنوبی کوریا اور امریکہ نے شمالی کوریا کے شارٹ رینج میزائلی تجربے کے بعد، چار روزہ بحری مشقیں کی تھیں ۔ ان مشقوں میں امریکی طیارہ بردار جہاز سمیت بیس جنگی جہازوں نے شرکت کی تھی۔
دوسری جانب امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کو انتہائی خطرناک اقدام قرار دیا گیا ہے۔
ایڈرین واٹسن نے دعوی کیا ہے کہ عدم استحکام پھیلانے والے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں اور سلامتی کے بین الاقوامی ضابطوں کی کوئی پرواہ نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج کی ریجنل کمانڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ خطے میں تعینات امریکی افواج کے لیے خطرے کا سبب نہیں تھا۔







