شیعہ سنی مذہبی قیادت ملکر پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کیلئے میدان میں اتر گئی
پاکستان کی گری ہوئی معیشت، امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنا ہمارا مقصد ہے اور ان کو بحال رکھنے کے لیے ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر سیاسی سفر جاری رکھیں گے

شیعیت نیوز: پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، ہماری سیاست کا مقصد رواداری، حقیقی اسلامی ریاست کے قیام، روایات کی بقا، غریب کی تقدیر بدلنے اور کفریہ طاقتوں کے حربوں کو ناکام بنانے کی جدوجہد ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ محمد خان شیرانی، صوبائی امیر مولانا شجاع الملک، صوبائی نائب امیر مفتی عبدالغنی ایڈووکیٹ، مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے صوبائی نائب صدر علامہ سید عبد الحسین الحسینی نے بنوں میں تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ انتخابی سرگرمیوں کے آغاز کے دوران منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ناصبی انتہاء پسندوں کا امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر شیعہ زائرین پر حملہ
مقررین کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے 75 سالوں سے ملک میں سامراجی قوتوں کا کردار رہا ہے، یہاں مذہب اور سیاست کو اپنی بقا کے لیے استعمال کیا گیا، سیاسی اتحاد پی ڈی ایم نے ملک کو مکمل ہائی جیک کرکے تمام اداروں کو غیر ملکی کنٹرول میں دے دیا ہے۔ پاکستان کی گری ہوئی معیشت، امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنا ہمارا مقصد ہے اور ان کو بحال رکھنے کے لیے ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر سیاسی سفر جاری رکھیں گے، قوم سیاسی مداریوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔