شام میں غیرقانونی امریکی فوجی چھاؤنی پھر راکٹ حملوں کی زد میں
شیعیت نیوز: شمالی شام میں واقع شادابی کے علاقے میں سب سے بڑے غیرقانونی امریکی فوجی چھاؤنی پر کئی راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق الحسکہ سے 55 کلومیٹر دور شام کے شمالی علاقے کے شہر شادابی میں سب سے بڑی غیرقانونی امریکی فوجی چھاؤنی ہے، اس فوجی اڈے پر کئی راکٹوں سے حملہ ہونے کی خبر ہے۔
شامی نیوز ایجنسی سانا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ غیرقانونی امریکی اڈے پر کئی راکٹ فائر کئے گئے ہیں جن میں سے ایک اس اڈہ کے اندر جا کر گرا۔
مقامی لوگوں کے مطابق راکٹ گرنے سے بہت بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فوجی اڈہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے تھے۔
ابھی تک کسی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اس سے پہلے بدھ کے بدن میڈیا نے دیرالزور میں قائم العمر آئل فیلڈ میں دھماکے کی خبر دی تھی ۔یہ آئل فیلڈ امریکی افواج کے قبضے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کی سیکورٹی فورسز نے سعودی اتحاد کو شکست دی، سید بدرالدین الحوثی
دوسری جانب گزشتہ رات اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق پر میزائل داغے۔ شام میں اپوزیشن پارٹیوں میں مصالحت کے روسی مرکز کے نائب سربراہ اولیگ یگوروف نے اس سلسلے میں کہا کہ 17 ستمبر کو رات 00:45 اور 00:55 کے درمیان اسرائیلی فضائیہ کے چار F-16 ٹیکٹیکل لڑاکا طیاروں نے گولان کی پہاڑیوں سے دمشق پر چار کروز میزائل اور دس گائیڈڈ بم داغے، ڈیوٹی پر موجود شامی فضائی دفاعی افواج نے روسی ساختہ Pantsir-S1 اور Buk-M2E ایئر ڈیفنس سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے دو میزائلوں اور چھ گائیڈڈ بموں کو مار گرایا۔
قبل ازیں شامی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ شامی فضائیہ نے حملے کو ناکام کردیا اور زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں پانچ شامی فوجی مارے گئے۔
شام کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے ہفتے کی صبح دمشق کے نواحی علاقے پر نئے فضائی حملے کیے ہیں۔
شام کے قومی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاع نے دمشق کے جنوب میں صیہونی اسرائیلی حکومت کے حملے کو ناکام بنادیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی ہے کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور جنوبی دیہی علاقوں میں بعض مقامات پر اسرائیلی جارحیت میں پانچ فوجی شہید ہو گئے ہیں۔







