روس کا اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کو نیویارک سے کہیں اور منتقل کرنے کا مطالبہ
شیعیت نیوز: روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کو نیویارک سے کسی اور جگہ منتقل کیا جائے کیوں کہ اب امریکہ میزبان ملک کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام نہیں دے رہا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کی منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر الکسی دروبینین نے واضح طور پر کہا ہے کہ جس وقت اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آ رہا تھا تو اس وقت یہ فیصلہ ہوا کہ اقوام متحدہ کا ہیڈ کوارٹر نیویارک میں ہوگا اور امریکہ نے بھی اس سے اتفاق کر لیا کہ وہ ایک میزبان ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے گا۔
روس کی وزارت خارجہ کے اس عہدیدار نے کہا کہ اب امریکہ اپنے وعدوں پر عمل نہیں کر رہا اور میزبانی کے فرائض کی ادائیگی میں بھی لیت و لعل سے کام لے رہا ہے جس کی تازہ مثال اقوام متحدہ میں روسی حکام کو ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ امریکہ کو چاہیئے کہ وہ غیر مشروط طور پر اپنے وعدوں پر عمل کر کے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے حکام کو ویزا جاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نہ فقط روس کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ دوسرے ممالک کو بھی اسی قسم کے مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا قیام 1945 میں عمل میں آیا تاہم 1951 میں جنیوا سے اسے نیویارک منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جراثیمی ہتھیار یوکرین سے دوسرے علاقوں میں منتقل کئے جا رہے ہیں، روس
دوسری جانب یورپی یونین نے ہندوستان اور چین سے روسی تیل کی فروخت کے خلاف گروپ سیون کی پابندیوں میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
یورپی یونین کی انرجی کمشنر کارڈی سمسن نے ہندوستان اور چین پر زور دیا ہے کہ وہ گروپ سیون کی مقرر کردہ حد اور قیمت سے زیادہ ، تیل روس سے نہ خریدیں۔
انہوں نے کہا کہ بقول ان کے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے پیش نظر ماسکو کی آمدنی میں اضافہ کرنا غیر منصفانہ ہے۔
یورپی یونین کی انرجی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور چین ، روسی تیل کی خریداری سے متعلق گروپ سیون کے فیصلے میں شامل ہوجائیں گے۔
گروپ سیون کے رکن ملکوں نے جمعے کو روسی تیل کی فروخت اور قیمت محدود کرنے پراتفاق کیا تھا۔
چین اور ہندوستان نے یوکرین جنگ کے بعد روسی تیل کی خریداری میں اضافہ کردیا ہے اور ماسکو کی جانب سے ان ملکوں کو کم قیمت پر تیل فراہم کیا جارہا ہے۔







