امریکہ کو بدترین معاشی صورتحال کا سامنا ہے، امریکی عہدیدار جان ولیمز

31 اگست, 2022 17:16

شیعیت نیوز: ایک اعلی امریکی عہدیدار جان ولیمز نے ملک کی معاشی صورتحال کو انتہائی مخدوش قرار دے دیا ہے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا سے ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ ضروری ہے

فیڈرل ریزرو بینک آف نیویارک کے صدر جان ولیمز نے روزنامہ وال اسٹریٹ جنرل کی جانب سے ہونے والی ایک نشست میں کہا ہے کہ امریکی معیشت کو لاتعداد مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے جن میں افراط زر کا معاملہ سب سے زیادہ پریشان کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر کے معاملے پر فوری طور پر قابو پانا ممکن نہیں بلکہ اس کام کے لیے ہمیں طویل المدت منصوبہ بندی کرنا ہوگی تب جا کے حالات کو صحیح سمت میں لانا ممکن ہوگا۔

فیڈرل ریزرو بینک آف نیویارک کے صدر کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک کو شرح سود میں اضافے کا سلسلہ آئندہ سال تک جاری رکھنا ہوگا اس کے بعد کافی عرصے تک اس سطح کو محفوظ رکھنا پڑے گا۔

تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں افراط زر کی شرح انیس سو بیاسی کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : روسی فوج کی کارروائی میں یوکرینی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا سے تمام ایٹمی ہتھیار ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے جوہری تجربات کے خلاف مہم کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں جوہری ہتھیاروں کے تجربات کا خاتمہ کئے جانے اور ان پر پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی پر مکمل طور پر عمل درآمد کئے جانے پر زور دیا۔

انہوں نے بغیر کوئی دستاویز جاری کئے، این پی ٹی نظرثانی کانفرنس ختم ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی سے دوچار عالمی حالات میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر منطقی طریقے سے مناسب اور ٹھوس اقدامات لازمی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے موجودہ تناؤ کے ماحول میں سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جانا اقوام متحدہ کی پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر نظرثانی کی دسویں کانفرنس اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک ماہ تک جاری رہنے کے بعد جمعے کو بغیر کوئی دستاویز جاری کئے ختم ہوگئی۔

 

1:32 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top