ایران

افغانستان کی موجودہ ابتر صورتحال جارح ممالک کی دین ہیں، سفیر زہرا ارشادی

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مستقل مندوب اور سفیر زہرا ارشادی نے ایک بار پھر افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مستقل مندوب اور سفیر زہرا ارشادی نے افغانستان کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ افغانستان سے بیرونی افواج کے غیر ذمہ دارانہ طریقے سے انخلا اور اس ملک میں طالبان کو برسر اقتدار آئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا لیکن یہ ملک اب بھی مسائل و مشکلات میں گرفتار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ڈھائی کروڑ لوگ افغانستان میں انتہائی غربت کی زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ خواتین اور لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور طالبان بین الاقوامی معاہدوں اور اپنے وعدوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مقتدیٰ صدر کا عملی اقدام شجاعانہ اور قابل تمجید ہے، سربراہ ہادی العامری

سفیر زہرا ارشادی نے کہا کہ افغانستان کی المناک صورت حال کی ذمہ دار وہ بیرونی افواج ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے افغانستان پر غاصبانہ قبضہ کیا اور اس کو تباہ و برباد کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھاگ کھڑی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی افسوسناک صورت حال سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے اور امن و استحکام نیز جمہوریت قائم کرنے کے دعوے کے ساتھ دوسرے ملکوں میں فوجی مداخلت عوام کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچاتی ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مستقل مندوب نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ افغانستان کی حمایت اور مدد کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ اس ملک کے عوام کو زندگی اور حفظان صحت کی ضروری سہولیات فراہم ہوسکیں۔

انہوں نے اسی کے ساتھ افغانستان کا قومی سرمایہ واپس کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا یہ اثاثے افغان قوم کے ہیں اور ان کی واپسی سے افغانستان کی معیشت کی بہتری میں مدد ملے گی۔ سفیر ایران کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے اثاثوں کی واپسی کو سیاسی مسائل سے مشروط کرنا صحیح نہیں ہے۔

زہرا ارشادی نے کہا کہ ایران افغان عوام کی مدد کر رہا ہے اور اس نے اس ملک میں امن و استحکام اور ترقی و پیشرفت کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کی جاری رکھا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button