صیہونیوں کو محاصرے میں لے لیا ہے، اسلامی جہاد تنظیم
شیعیت نیوز: فلسطینی اسلامی جہاد تنظیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ آج غاصب اسرائیلیوں کو ہر طرفے سے محاصر میں لے لیا جاچکا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کے دوران اسلامی جہاد تنظیم کے سربراہ زیاد النخالہ نے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائد انقلاب کی ہدایات کے نتیجے میں ایران ہمیشہ سے زیادہ طاقتور اور مستحکم ہواہے جس نے مزاحمتی محاذ کو بھی مضبوط بنادیا ہے۔
زیاد النخالہ نے بتایا کہ استقامتی محاذ تمام مورچوں پر ڈٹا ہوا ہے اور دشمنوں کی تمام کوششوں کے باوجود، مزاحمتی گروہ ترقی کر رہے ہیں اور دشمن کا محاصرہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بھی اس موقع پر علاقے کے بحالات پر روشنی ڈالتے ہوئے علاقے میں ایران کی موجودہ پوزیشن کوانتہائی مستحکم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ بھی سعودی اتحاد کے ساتھ مل گیا، یمنی رہنما عصام المتوکل
دوسری جانب پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے شمال میں صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔
فلسطینیوں کی جانب سے صیہونی جارحیت کے جواب میں تازہ کارروائی غرب اردن کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع حوارہ چیک پوسٹ پر ہوئی اور اس میںصیہونی چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گيا۔ البتہ اس فائرنگ میں غاصب صیہونی فوجیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر دھاوا بول کر بائیس فلسطینیوں کو زخمی کر دیا تھا۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ پچہتر فلسطینیوں کی، آنسو گیس کے شیل داغے جانے کے باعث حالت بگڑ گئی ہے۔
گذشتہ چند مہینوں کے دوران غاصب صیہونی افواج کے مظالم اور بربریت میں شدت پیدا ہوگئی ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کو اپنے مسلمّہ حقوق کے لئے احتجاج سے باز رکھنا ہے۔
مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی آئے دن فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے یا پھر ان فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جس کے جواب میں فلسطینیوں کی جانب سے بھی کارروائیاں انجاتم پاتی ہیں۔







