منبرِ تبلیغ پر جانے والے کی نیت خالصتاً رضائے الٰہی ہونی چاہیے، علامہ سید شہنشاہ نقوی

27 نومبر, 2026 17:49

شیعیت نیوز : مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کے زیرِ اہتمام معہد الواعظین میں ایک علمی و تبلیغی نشست (خطباء کانفرنس) کا انعقاد کیا گیا، جس میں معہد الواعظین کے طلبہ، فارغ التحصیلان اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس نشست میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

نشست کا باقاعدہ آغاز معہد الواعظین کے طالب علم احمد حسین محافظی کی خوش الحان آواز میں تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر معہد الواعظین کے ہونہار خطباء سید عین الحسین اور عمران حمید نے فضائلِ اہل بیت علیہم السلام کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپنی خطابت کے جوہر دکھائے، جبکہ فارغ التحصیلان کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ حافظ سجاد حسین نجفی نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ اسمبلی سے طلبہ یونینز کی بحالی کی قرارداد خوش آئند ہے، مرکزی صدر جے ایس او

بعد ازاں نشست کے مہمانِ خصوصی معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے مبلغین و واعظین کے لیے تبلیغِ دین کی اہمیت و فضیلت بیان کی اور تبلیغ کے بنیادی اصولوں و تقاضوں کی جانب توجہ دلائی۔ انہوں نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ منبرِ تبلیغ پر جانے والے کی نیت خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا اور دین کی خدمت ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وعظ و تبلیغ میں علمی مواد کی پختگی کے ساتھ حکمت، دانائی اور مؤثر اندازِ بیان کو بھی ملحوظ رکھنا ضروری ہے، تاکہ دین کا پیغام بہترین انداز میں مخاطبین تک پہنچایا جا سکے۔

خطاب کے آخر میں علامہ سید شہنشاہ نقوی نے مؤسسہ الکوثر اور معہد الواعظین کی علمی و تبلیغی سرگرمیوں پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہٗ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بلندیِ درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

6:02 شام نومبر 27, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔