امام زمانہؑ کی نصرت کے لیے خود کو ان کی خدمت پر آمادہ کرنا ہوگا، آغا سید باقر الحسینی

27 نومبر, 2026 17:44

شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں ہفتہ وار درسِ اخلاق سے خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ والجماعت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت و تعلیمات کے تناظر میں دینی وابستگی، معرفتِ امام، تقوائے الٰہی، حق گوئی اور امانت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایامِ حج کے موقع پر منیٰ میں پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ امام جعفر صادقؑ اپنے مخلص اصحاب کے درمیان تشریف فرما تھے جب ایک محبِ اہل بیتؑ نے دنیاوی مصروفیات کے باعث مسلسل حاضری نہ دے سکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امامؑ سے خصوصی نصیحت کی درخواست کی۔

اس واقعے کو عصرِ حاضر کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے آغا سید باقر الحسینی نے سوال اٹھایا کہ اگر آج ہمارے درمیان حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف تشریف لے آئیں تو کیا ہم اپنی تمام مصروفیات، کاروبار، منصب اور دنیاوی ترجیحات کو پسِ پشت ڈال کر، سردی، گرمی، برف باری اور دیگر مشکلات کی پروا کیے بغیر ان کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے آمادہ ہوں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ امام زمانہؑ کی نصرت کے دعوے سے پہلے ہمیں اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ کر اپنی دینی وابستگی اور امامؑ سے تعلق کا جائزہ لینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پیروانِ ولایت و امامت باطل کے مقابلے میں آہنی دیوار ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

آغا سید باقر الحسینی نے کہا کہ دیگر مکاتبِ فکر کے لوگ بھی شیعہ مسلمانوں کی اس خوش نصیبی کا اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں چودہ معصومین علیہم السلام کی ولادتوں اور شہادتوں سمیت عیدِ غدیر، عیدِ مباہلہ، حضرت زینبؑ، حضرت عباسؑ، حضرت علی اکبرؑ اور حضرت علی اصغرؑ سے منسوب مناسبتوں کو یاد کرنے اور تجدیدِ عہد کے مواقع میسر ہیں۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہماری مجالس اور محافل ہماری فکری، اخلاقی اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرتی ہیں؟ انہوں نے زور دیا کہ انسان کو اہلِ علم اور صاحبِ کردار علماء کی مجالس میں بیٹھ کر اپنے علم و معرفت میں اضافہ کرنا چاہیے۔

حضرت امام جعفر صادقؑ کی تعلیمات کے بنیادی اخلاقی اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا اصول تقوائے الٰہی اور خوفِ خدا ہے، جس میں انسانی کردار کی اصلاح کا راستہ پوشیدہ ہے۔ دوسرا اہم اصول حق گوئی اور صداقت ہے؛ انسان کو ہر حال میں سچ بولنا چاہیے خواہ اسے ذاتی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے، کیونکہ مصلحتوں اور وقتی فائدوں کی خاطر حق بات چھپانا دینی تعلیمات کے منافی ہے۔ تیسرے اصول یعنی ادائے امانت کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امانت داری صرف مال و دولت تک محدود نہیں بلکہ ہر وہ ذمہ داری، عہد، منصب اور اعتماد بھی امانت ہے جو کسی فرد یا معاشرے نے ہمارے سپرد کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے کردار میں تقویٰ، گفتگو میں صداقت اور معاملات میں امانت داری ہوگی تو ہمارا عملی کردار خود دین کی تبلیغ بن جائے گا اور لوگ ہمارے اخلاق سے متاثر ہو کر پیغمبر اکرم ﷺ اور آلِ محمد علیہم السلام کی تعلیمات کی طرف راغب ہوں گے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اہل بیتؑ سے محبت کا حقیقی تقاضا محض دعویٰ نہیں بلکہ انفرادی و اجتماعی زندگی میں ان کے فرامین پر عمل کرنا ہے۔

5:48 شام نومبر 27, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔