کراچی میں شیئر انٹرنیشنل اور ایم ڈبلیو ایم کے زیرِ اہتمام 14 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی
شیعیت نیوز : کراچی میں مہنگائی کے باعث شادی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے پریشان مستحق اور نادار خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے شیئر انٹرنیشنل پاکستان کے زیرِ اہتمام اور مجلس وحدت مسلمین کے تعاون سے 14 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی کے مقامی گراؤنڈ میں منعقدہ اس پُروقار تقریب میں منتظمین کی جانب سے شادی کے تمام انتظامات کیے گئے، جبکہ دلہنوں کو گھریلو استعمال کی ضروری اشیاء پر مشتمل جہیز بھی فراہم کیا گیا تاکہ نئے گھرانے اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز بہتر انداز میں کر سکیں۔
تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ محمد صادق جعفری، شیئر انٹرنیشنل کے چیئرمین مولانا قیصر عباس، علامہ ڈاکٹر نسیم حیدر زیدی، ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے صدر احسن عباس، ٹاؤن چیئرمین ضلع ملیر جان محمد بلوچ، ڈی ایس پی ملیر فہد رشید کلوڑ، رضی حیدر رضوی، معروف اہلِ سنت اسکالر مفتی فضل ہمدرد، میر سجاد مہدی، مولانا غلام محمد فاضلی، مولانا گلزار شاہدی، مولانا امیر حسین رحمانی، معروف منقبت خواں صبیب عابدی، میر باقر، چیئرمین یونین کونسل 3 عاصم حیدر، وائس چیئرمین رضا حسین، غازی عباس ٹرسٹ اور پیامِ ولایت فاؤنڈیشن کے اراکین اور کوآرڈینیٹر جعفریہ الائنس ملیر ثمر عباس زیدی ایڈووکیٹ سمیت کراچی کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : منبرِ تبلیغ پر جانے والے کی نیت خالصتاً رضائے الٰہی ہونی چاہیے، علامہ سید شہنشاہ نقوی
اس موقع پر شرکاء نے اجتماعی شادی کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مستحق خاندانوں کی معاونت کو معاشرتی ذمہ داری قرار دیا۔ مولانا قیصر عباس اور احسن عباس رضوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں شادی کے اخراجات عام اور غریب خاندانوں کی استطاعت سے باہر ہوتے جا رہے ہیں اور معاشی مشکلات کے باعث بہت سے والدین اپنے بچوں، بالخصوص بیٹیوں کی شادی کے فرائض ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی اقدامات کا مقصد مستحق خاندانوں کا سہارا بننا، ان کی پریشانیوں کو کم کرنا اور معاشرے میں خوشیاں بانٹنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صاحبِ استطاعت افراد اور فلاحی ادارے بھی آگے بڑھ کر ایسے خاندانوں کی مدد کریں، کیونکہ باہمی تعاون اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ایسی کوششیں ایک مثبت، ہمدرد اور فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔







