اسرائیلی قیدیوں کی نگہبانی کرنے والے فلسطینی مجاہد کی شہادت

03 اگست, 2022 08:00

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی دھڑے القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کی نگہبانی کرنے والا فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔

فلسطین کی معاً نیوز کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے العصف المأکول جنگ کی آٹھویں برسی کے موقع پر کہ جس کے دوران دو اسرائیلی فوجی قیدی بنا لئے گئے تھے کہا کہ جہاں ان دو اسرائیلی قیدیوں میں سے ایک کو رکھا گیا تھا اس مکان پر گزشتہ سال صیہونی حکومت نے سیف القدس نامی جنگ کے دوران بمباری کی۔

انہوں نے کہا کہ اس بمباری میں اسرائیلی قیدیوں کی نگہبانی کرنے والے ایک فلسطینی مجاہد شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے تاہم شہید ہونے والے فلسطینی مجاہد کے نام کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے اور مستقبل میں اگر ضرورت پڑی تو شہید کے نام کا اعلان کیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں : جنین گورنری کے مغرب میں یہودی بستی ایک نئی صہیونی جارحیت ہے، حماس

واضح رہے کہ سیف القدس کی 11 روز کی جنگ اپریل 2021 میں مسجد الاقصی اور شیخ جراح علاقے میں رونما ہونے والے واقعات کے بعد شروع ہوئی۔ اس 11 روزہ جنگ میں استقامتی محاذ نے مقبوضہ علاقوں کی جانب 4 ہزار سے زائد میزائل اور راکٹ داغے جس میں اسرائیلی ذرائع کے مطابق 12 صیہونی ہلاک اور 330 زخمی ہوئے۔ جبکہ اس جنگ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب حماس نے سوموار کی شام جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں گولی لگنے سے شہادت پانے  والے 17 سالہ نوجوان ضرار ریاض الکفرینی کے اہل و عیال سے تعزیت ، جبکہ جنین کے رہائشیوں کی استقامت و بہادری کو سراہا ہے۔

حماس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیاکہ جنین پر وحشیانہ جارحیت اور عظیم مجاہد بسام السعدی کی گرفتاری اس مزاحمت کو بھڑکا دے گی جو ہماری مبارک سرزمین پر ہر جگہ قابض افواج اور آباد کاروں کا شکار کرے گی۔

بیان میں  مزید کہا گیا کہ ہماری مقدس سرزمین پر ہمارے گرم خون سے ایک ایسا مینار بنے گا جو انقلابی نوجوانوں کے لیے آزادی اور استقلال کی راہ روشن کرتا رہے گا۔

4:46 شام مارچ 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔