یورپ کی طرف سے امریکہ کی اندھی تقلید افسوسناک ہے، سرگئی لاؤروف
شیعیت نیوز: روس کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور یورپ کی جانب سے جنگ میں یوکرین کی ہمہ گیر حمایت کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہوئے، یورپ کی جانب سے امریکہ کی اندھی تقلید کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے اپنے ہنگرین ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یورپ، امریکہ کی اندھی تقلید اور اس کے سازشی منصوبے پر عمل کر رہا ہے۔
سرگئی لاؤروف نے روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ انہیں بہت افسوس ہے کہ یورپی حکام اسی راستے پر چل رہے ہیں جس کا تعین ان کے لئے امریکہ نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے بحران سے کسی کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ صرف یہ آرزو کرسکتے ہیں کہ یورپی یونین اپنی مشکلات کو سمجھ اور ان سے نمٹ سکے۔
روسی وزیر خارجہ نے یوکرین جنگ کے تعلق سے امریکہ اور یورپ کے رویئے کو غیر تعمیری اور خطرناک بتایا اور اس کے نتائج کی بابت ایک بار پھر انتباہ دیا۔
یاد رہے کہ روس نے بارہا خبردار کیا ہے کہ امریکہ اور یورپ یوکرین کو اسلحے دے کر جنگ کو طول دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : القدس میں فلسطینیوں نے یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں کو آگ لگا دی
دوسری طرف برطانوی وزیر دفاع نے یوکرین کے لئے مزید بھاری ہتھیار بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین ولاس نے اعلان کیا ہے کہ ہم اپنے عالمی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بات کا اطمینان حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ یوکرین کو روس سے جنگ میں اسلحے اور جنگی وسائل کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ یوکرین کے لئے مزید ایک ہزار چھے سو توپیں اور اینٹی ٹینک اسلحے ارسال کر رہا ہے۔
برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ لندن، یوکرین کے لئے سیکڑوں ڈرون طیارے، میزائلوں کا پتہ لگانے والے ریڈار سسٹم اور پچاس ہزار سے زائد بھاری توپوں کے گولے عنقریب ارسال کرے گا۔
یاد رہے کہ برطانیہ کے مستعفی وزیر اعظم بورس جانسن نے گزشتہ مہینے روس سے جنگ میں یوکرین کے لئے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی مزید امداد کا اعلان کیا تھا۔







