امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؑ کا 1292واں عرس، کراچی میں تعطیل کا اعلان
سید احمد رضا شاہ نے کہا ہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؑ کے عرس مبارک میں شریک لاکھوں زائرین کی مہمان نوازی محکمہ اوقاف کی اولین ذمہ داری ہے

شیعیت نیوز: بر صغیر کے نامور صوفی بزرگ امام زادہ سید عبداللہ شاہ غازیؑ کے 1292ویں عرس مبارک کا آغاز ہوگا، قائم مقام گورنر سندھ آغا سرج درانی عرس کی تقریبات کا افتتاح کریں گے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے عرس کے موقع پر 22 جولائی کو کراچی میں مقامی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف پیر سید احمد رضا شاہ جیلانی نے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سید عبد اللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع سیکریٹری اوقاف سندھ جاوید صبغت اللہ مہر، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبدالغنی مہر اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف کراچی محمد نصرت خان ان کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ ساجد نقوی کی زیر صدارت شیعہ علماء کونسل کی “علماء و ذاکرین کانفرنس” 26 جولائی کو ہوگی
سید احمد رضا شاہ نے کہا ہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؑ کے عرس مبارک میں شریک لاکھوں زائرین کی مہمان نوازی محکمہ اوقاف کی اولین ذمہ داری ہے، اس ضمن مین کسی قسم کی کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1292 عرس مبارک کی تقریبات کو شایان شان منانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔
معاون خصوصی برائے اوقاف پیر سید احمد رضا شاہ جیلانی کا کہنا تھا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1292 عرس مبارک کو شایان شان سے منایا جائے گا۔ گذشتہ دو سال کورونا کے باعث عرس کی تقریبات نہ ہو سکیں، امسال عرس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غدیرسے ظہور تک” کا سفر پوری دنیا کی مظلوم انسانیت کو جینے کا حوصلہ تابناک مستقبل کی امید دیتا ہے، علامہ امین شہیدی
امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؑ کے لاکھوں عقیدت مند عرس میں شرکت کریں گے جن کیلئے محکمہ اوقاف کی جانب سے وسیع پیمانے پر لنگر، پانی کی سبیلیں اور ہنگامی میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا، عرس کی تقریبات میں مزار پر چادر پوشی محفل نعت اور محفل سماع سمیت دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے افسران کو ہدایات کیں کہ زائرین کو عرس کے موقع پر زیادہ سے بہترین سہولیات میسر کی جائیں اور عرس مبارک کی تقریبات کا اعلیٰ انتظام کیا جائے۔