ولایت و غدیر کا پرچم دنیا کے 140 ممالک میں لہرایا جائے گا
شیعیت نیوز: ولایت و غدیر کا پرچم دنیا کے 140 ممالک میں لہرایاجائے گا۔
ہفتۂ امامت و ولایت سے متعلق امور کی مرکزی کمیٹی کے ڈائریکٹر حسین ظریف منش نے کہا ہے کہ اس سال دنیا کے 140 ممالک میں عید غدیر اور عید مباہلہ کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں اور دنیا کے 140 ممالک میں ولایت و غدیر کا پرچم لہرایا جائے گا۔
عید غدیر کے موقع پر گزشتہ برسوں کی مانند جہاں دنیا بھر میں زبردست تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے وہیں ایران میں بھی ملکی سطح پر عظیم الشان جشن ولایت و امامت کی تیاری عروج پر ہے۔ عید غدیر کے روز ایران میں عام تعطیل ہے۔
دارالحکومت تہران میں 18 ذی الحجہ بروز پیر کو جشن عید غدیر کے موقع پر غدیر واک کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت شمع ولایت کے پروانے تہران کے ولی عصر( عج) اسکوائر سے دس کلومیٹر کی مسافت طے کر کے پارک وے اسکوائر پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : رہبر انقلاب اسلامی نے نگہبان کونسل کے تین فقہاء کو ایک نئے ٹرم کے لیے منصوب کیا
یہ پروگرام شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد ہو گا اور دس کیلو میٹر کے راستے میں ہر جگہ غدیری مہمانوں کی پذیرائی کے لئے کھانے پینے اور شربت کی سبیلوں کے علاوہ بچوں کے مخصوص اسٹالز، مذہبی و ثقافتی مصنوعات کے اسٹالز، خصوصی تحائف اور گروہی ترانوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ غدیر واک کا اہتمام بھی اربعین حسینی واک کی طرح مخیر حضرات، مذہبی اور ثقافتی مراکز، انجمنوں اور رضاکاروں کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی گارڈین کونسل کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ جنتی نے عید غدیر اور عشرۂ ولایت و امامت کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدِ غدیر؛ سب سے بڑی اسلامی عید ہے اور قرآن کریم کی تعبیر کے مطابق عید غدیر دنیائے کفر کی ناامیدی اور دین اسلام کی تکمیل کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خداوند متعال نے اس دن سب سے بڑی نعمت یعنی نعمتِ ولایت کو انسانوں کو ہدیہ کے طور پر عطا کی البتہ بعد میں خطبۂ غدیر کی جانب عدم توجہ کی وجہ سے اسلامی معاشرے میں جو انحرافات پیدا ہوئے وہ باعث بنے کہ یزید جیسا شخص حاکمِ اسلامی بن جائے۔
آیت اللہ جنتی نے مزید کہا کہ عید غدیر در حقیقت فضائل امیرالمومنین علیہ السلام سے آگاہی کی ضرورت اور ان کے طرز زندگی کے نزدیک ہونے کا نام ہے۔







