نفرتوں کے سوداگر بھائیوں کو آپس میں لڑانے سے اجتناب کریں،علامہ مقصودڈومکی

15 جولائی, 2022 01:55

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نسل پرست متعصبانہ سوچ کے علمبردار محبتوں کو مٹا کر نفرتوں کے بیج بونا چاہتے ہیں عوام اپنے اتحاد اور اخوت سے ان کی سازش کو ناکام بنا دیں۔ جب ملک نفرت کی آگ میں جل رہا ہو تو خاموش تماشائی رہنا جرم ہے حق گوئی کے ذریعے محبتوں کو پروان چڑھانا لازمی ہے۔ قوم و ملک کا درد رکھنے والے تمام محب وطن لوگوں کو آگے بڑھ کر نفرتوں کی آگ بجھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کا ہر باشعور اور ہر باضمیر شہری امریکہ کی غلامی سے نجات چاہتا ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

انہوں نے کہا کہ سندھی اور پشتون آپس میں بھائی ہیں۔ دین اسلام اور قرآن کریم کی رو سے مومنین آپس میں بھائی ہیں۔ نفرتوں کے سوداگر بھائیوں کو آپس میں لڑانے سے اجتناب کریں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں نفرت کو ہوا دے کر اب بلوچستان اور کے پی کے تک نفرت کی آگ کو سلگایا جا رہا ہے۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم نے محبت و اخوت کی فضا میں مل کر رہنا ہے۔ کبھی فرقہ واریت کے نام پر اور کبھی لسانیت کے نام پر عوام کو لڑایا جاتا ہے عوام ان شرپسند عناصر کے دھوکے میں نہ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کا جنازہ ہے زرا دھوم سے نکلے!مریم نواز کالعدم سپاہ صحابہ کے جھنڈےتلے کھڑی ہوگئیں

انہوں نے کہا کہ نفرت کی اس فضاء کے خاتمے کے لئے فی الفور اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید کشیدہ ہو جائیں گے۔ وطن کی تباہی اور بربادی سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ سندھی اور پشتون قیادت فی الفور قوم کو امن اور محبت کا پیغام دیں۔

9:19 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top