محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی محمد علی جناحؒ کے ساتھ ملکرپاکستان کے قیام میں اپنا ناقابل فراموش کردار ادا کیا ، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز: اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں ہمیشہ خواتین کا مرکزی کردار رہا ہے، جدوجہد پاکستان میں محترمہ فاطمہ جناح وہ شخصیت ہیں جو نہ صرف بابائے قوم کے شانہ بشانہ رہیں بلکہ انتہائی مشکل ترین حالات میں بھائی کا ساتھ دے کر برصغیر میں پاکستان کے قیام میں اپنا ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور بعد ازاں مشکل ترین حالات کے باوجود جمہوری، اسلامی، فلاحی ریاست کے قیام کی خاطر آخری دم تک جدوجہد کرتی رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی55ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام ِحج، اسلامی بیداری اور دشمن کی سازشوں سمیت اہم مسائل پرخصوصی گفتگو
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح روز اول سے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے بھائی کا ساتھ چھوڑا نہ ہی ان کے نظریات سے انحراف کیا۔ قائد کی رحلت کے بعد بھی بہت سی مشکلیں آئیں مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہیں اور اپنے آخری ایام تک ان پر کاربند رہیں۔ وہ مادر ملت کے ساتھ مادر جمہوریت کہلانے کی بھی حقدار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی تحریک نے علامہ ساجدعلی نقوی کی ہدایت پر ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو محترمہ کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے۔ اسلام اور پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا ایک بڑا کردار رہا ہے جبکہ قوموں کی ترقی و خوشحالی میں بھی خواتین نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے، پوری قوم کو بھی چاہیے کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کیلئے ان کے کردار سے استفادہ کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ مادر ملت کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا اور مشعل راہ سمجھا جائے گا۔







