عراق میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف حشد الشعبی کا آپریشن
شیعیت نیوز: عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی نے ملک کے شمال مشرقی صوبے دیالی کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے بچے ہوئے عناصر سے پاک کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ۔
عراقی خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق، عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے صوبے دیالیٰ کے شروین علاقے میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی، یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب دہشت گرد گروہ داعش نے شروین کے علاقے پر حملہ کیا جسے حشد الشعبی کے جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں حشد الشعبی کے 2 جوان شہید ہوئے۔
دوسری جانب بعقوبہ کے شمال مشرقی علاقے المنصوریہ کے اطراف میں ہونے والے بم دھماکے میں حشد الشعبی کے 4 جوان زخمی ہو گئے۔
کچھ دن قبل بھی عراقی پولیس نے صوبے نینوا میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کے دوران اسلحے کے گودام سے بڑی مقدار میں راکٹ برآمد کئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب، شیعہ مسلمانوں کی گرفتاریوں میں تیزی
عراق میں تین سال تک داعش کے خلاف کارروائی کے بعد 2017 میں عراقی حکومت نے اس دہشت گرد گروہ کے خلاف کامیابی کا اعلان کیا، لیکن اس گروہ کی سلیپنگ سل کے عناصر ابھی بھی صوبے دیالیٰ، کرکوک، نینویٰ، صلاح الدین، الانبار اور بغداد میں موجود ہیں۔
عراقی فورسز ان علاقوں سے داعش کے پوری طرح صفائے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب عراق اور شام کی سرحد کے قریب واقع امریکہ کا فوجی اڈہ دھماکوں سے گونج اٹھا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ شام کی سرحد کے قریب امریکہ کے فوجی اڈے العمر آئل اسکوائر میں دو زور دار دھماکے ہوئے۔
دھماکوں سے ممکنہ جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔
گزشتہ روز بھی صوبہ صلاح الدین میں امریکہ کے دہشتگرد فوجی قافلے پر بھی حملہ ہوا تھا۔
امریکہ نے تین جنوری دوہزار بیس کو عراق کے اقتداراعلی کی مخالفت کرتے ہوئے ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو ان کے چند ساتھیوں سمیت بغداد ایئرپورٹ کے باہر شہید کردیا تھا۔







