شہید علی رضا عابدی کے والد اخلاق حسین عابدی انتقال کرگئے، نمازجنازہ آج اداکی جائےگی
شیعیت نیوز: معروف شیعہ سیاسی رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی شہید سید علی رضا عابدی کے والد بزرگوار سید اخلاق حسین عابدی داعی اجل کو لبیک کہہ کرخالق حقیقی سے جا ملے ، سید اخلاق حسین عابدی خود بھی سابق ممبر قومی اسمبلی رہے ، وہ طویل عرصہ سے بستر علالت پر موجود تھے ۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نامور شیعہ سیاسی وسماجی رہنما سید علی رضا عابدی کے والد اور سابق رکن قومی اسمبلی سید اخلاق حسین عابدی طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
یہ بھی پڑھیں: نعرہ حیدریؑ لگانے کے جرم میں مولاعلیؑ کا ملنگ سکیورٹی گارڈز کے ہاتھوں بےدردی سے شہید
مرحوم نے اپنے زندگی میں سخت و کٹھن حالات کا سامنا کیا، اپنے جواں سال فرزند شہید سید علی رضا عابدی کوگھر کی دہلیزپر خاک وخون میں غلطاں دیکھا۔ مرحوم نے اپنے جوان فرزند کی شہادت کے سانحےکا جواں مردی کے ساتھ سامنا کیا۔ لیکن شہید علی رضا عابدی کے قتل نے ان کو اندورنی طور پر شدید متاثر کیا تھا اور وہ مسلسل بیمار رہنے لگے تھے۔
ذرائع کے مطابق مرحوم اخلاق حسین عابدی کی نماز جنازہ آج 5جولائی بعد نمازِ ظہر دوپہرڈیڑھ بجے مسجد وامام بارگاہ یثرب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز 4 کراچی میں ادا کی جائے گی۔







