سید مقتدیٰ الصدر نے باضابطہ طور پر عراقی سیاست سے استعفیٰ دے دیا

شیعیت نیوز: الصدر پارٹی عراق کے رہنما سید مقتدیٰ الصدر نے باضابطہ طور پر عراقی سیاست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ رات نجف اشرف میں الصدر پارٹی کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی اختیار کرتا ہوں کیونکہ میں کرپٹ عناصر کے ساتھ نہ ہی دنیا اور نہ ہی آخرت میں رہنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر کی موجودگی میں اگلے انتخابات میں حصہ نہیں لوں گا اور یہ میرے اور خدا کے درمیان اور میرے اور آپ اور عوام کے درمیان ایک عہد ہے۔ جب تک بدعنوانی کا خاتمہ نہیں ہوتا میں سیاست میں حصہ نہیں لوں گا۔
سید مقتدیٰ الصدر نے یہ بھی کہا کہ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کی صورت میں صدر پارٹی کے مرد و خواتین ارکان تیار رہیں اور منتشر نہ ہوں اور عوام سے رابطے میں رہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل الصدر پارٹی کے 73 ارکان نے عراقی پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : عراقی پارلیمنٹ کا شہید کمانڈروں کے قتل کی تحقیقات کے نتائج کو ظاہر کرنے کا مطالبہ
دوسری جانب یران و عراق کے وزرائے خارجہ نے اہم دوطرفہ علاقائی اور عالمی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاہے۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمعرات کو عراقی وزیرخارجہ فواد حسین سے ٹیلی فونی گفتگو میں اس سال ایرانی عازمین حج کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات کو آسان بنانے کے لئے عراقی حکومت کے اقدامات کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے حج حکام کی کوششوں سے ایران سمیت تمام ممالک کے عازمین حج بخوبی اور بلاکسی مشکل کے فریضہ حج انجام دیں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے تہران ریاض تعلقات کے بارے میں کہا کہ تہران ، بغداد میں ہونے والے ایران اور سعودی عرب کے مابین حالیہ مذاکرات کو مثبت سمجھتا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتائج کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے عراقی وزیرخارجہ کے حالیہ دورہ تہران اور زائرین اربعین کے لئے زمینی راستے کھولے جانے کے سلسلے میں ہونے والے سمجھوتے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ زمینی سرحدیں پوری طرح جلد کھول دی جائیں گی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں عراقی وزیرخارجہ فواد حسین نے بھی ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان براہ راست گفتگواور تعلقات کے معمول پر آنے تک سہولت کاری جاری رکھنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
عراقی وزیرخارجہ نے زمینی سرحدوں کے کھولے جانے اور زائرین اربعین حسینی سمیت دیگر زائرین کی رفت و آمد کے سلسلے میں ہونے سمجھوتوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔