امام خمینی ؒ نے عوام کواسلام کے آفاقی نظام کی طرف دعوت دی، چونکہ اس انقلاب کی بنیاد مادہ پرستی نہ بلکہ معنویت اور روحانیت تھی، علامہ امین شہیدی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام موسسہ شہید عارف الحسینی میں امام راحل، رہبر کبیر امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں علمائے کرام، طلاب اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب سے اُمت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد شہیدی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں امام خمینی کی ذات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کی شخصیت کے مختلف پہلووں کو سمجھنے کے لئے وسیع مطالعہ کی ضرورت ہے۔ امام خمینی نے حوزہ علمیہ کی قدیمی روش سے ہٹ کر فقہ اہلبیت (ع) کو معاشرے میں عملی طور پر لاگو کرنے کی طرف توجہ دی اور بالآخر آپ کی کوششوں سے ایران کی سرزمین پر اسلامی انقلاب رونماء ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: جن ممالک میں انقلاب کی تحریکیں چل رہی ہیں وہ امام خمینی کو اپنا لیڈر سمجھتے ہیں، علامہ نقی ہاشمی
اُنہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی (رہ) نے اس دور میں جب دنیا کمیونزم اور سوشلزم کے بلاکوں میں تقسیم تھی، لاشرقیہ ولا غربیہ کا نعرہ لگا کر لوگوں کو اسلام کے آفاقی نظام کی طرف دعوت دی، چونکہ اس انقلاب کی بنیاد مادہ پرستی نہ تھی بلکہ معنویت اور روحانیت تھی، اسی وجہ سے چالیس سال ہونے کے باوجود اور دشموں کی اس انقلاب کے خلاف سرتوڑ کوششوں کے باوجود آج بھی پوری طاقت اور قوت سے اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔







