عراق

ریت کے طوفان نے ایک مرتبہ پھر عراق کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

شیعیت نیوز: ایک مرتبہ پھر ریت کے طوفان نے عراق، شام اور اردن کا رخ کیا، جس کی وجہ سے مذکورہ ممالک کے کئی علاقوں میں آسمان سرخ ہوگیا۔

اس حوالے سے عراقی میڈیا کا کہنا تھا کہ ریت کے طوفان کی یہ لہر اردن کے طریبیل بارڈر سے عراق کی جانب داخل ہوئی۔ دیگر عراقی ذرائع کا کہنا تھا کہ ریت کا طوفان بغداد کی سمت بڑھ رہا ہے۔

عراق کے صوبوں میں اس طوفانی صورتحال کے بعد تقریباََ چار ہزار عراقی شہریوں نے سانس میں دشواری کے سبب ہسپتالوں کا رخ کیا۔ جس کے بعد عراق کے تمام ائیر پورٹس، اسکولز اور سرکاری اداروں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔

المانیٹر ویب نیوز نے خبر دی تھی کہ یہ طوفان مٹی کے کٹاؤ، شدید خشک سالی اور کم بارشوں کی وجہ سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے۔ مغربی ایشیاء ہمیشہ دھول اور ریت کے طوفانوں سے دوچار رہا ہے۔ لیکن حالیہ برسوں میں ان میں شدت آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بیروت کے علماء کا امام خمینی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی پیغام

عراق میں پانی کے ذخائر برسوں سے تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور عراق کو موسمیاتی تبدیلیوں اور خشک بیابانی علاقہ ہونے کی وجہ سے دنیا کے پانچ ماحولیاتی آلودگی والے ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس سال اپریل میں، وزارت ماحولیات کے ایک اہلکار نے خبردار کیا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ عراق کو آئندہ دو دہائیوں میں سال میں 272 دن اس قسم کے طوفانوں کا سامنا کرنا پڑے۔

دوسری جانب اسی لمحے شام کے سرکاری ذرائع نے مختلف علاقوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے شام میں بھی اس طوفان کی خبر دی، جن میں صوبہ حماء کا شہر سلیمہ قابل ذکر ہے کہ جہان طوفان کے بعد آسمان کا رنگ سرخ ہوگیا ہے۔

اردنی میڈیا نے بھی ملک کے شمال مشرق میں واقع الرویشد کے علاقوں میں گرد و غبار اور طوفان کی تصاویر جاری کی ہیں۔

حالیہ طوفان کی لہر ایسے وقت میں مذکورہ بالا ممالک میں داخل ہوئی ہے کہ جب مختلف میڈیا ذرائع نے اس ہفتے میں کئی بار مغربی ایشیاء مخصوصاََ عراق میں شدید گرد و غبار اور ریتلے طوفان کی خبر دی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button