اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

پاکستان کی امپورٹڈ حکومت اسرائیل کو تسلیم کرکے کشمیریوں کو فروخت کردےگی،عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، اگر ہمارا حق نہ دیا گیا تو ہم حق چھینیں گے۔

شیعیت نیوز : پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ امپورٹڈ حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے جارہی ہے، اور یہ بھارت سے سمجھوتہ کرکے کشمیریوں کو فروخت کردے گی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چارسدہ میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ ایک تصویرآئی ہے کہ ایک پاکستانی وفد پہلی بار اسرئیل گیا ہے، جس میں ایک پاکستانی ٹیلی ویژن میں کام کرنے والا تنخواہ دار بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کشمیریوں کی قربانی کو بیچے گی، بھارت سے کشمیریوں کے خون پر سمجھوتہ کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ جب امریکیوں کے غلام اوپر بیٹھ جائیں گے تو وہ کام کریں گے جو امریکہ سے حکم آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ غیرت مند، باشعور قوم کو غلام بنانے جارہے ہیں اس لیے آپ سب تیاری کریں، میں تیاری کررہا ہوں، قوم کرپٹ چور، جو ہم پر مسلط کیے گیے ہیں،ان کے خلاف نکلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ راجہ ناصرعباس نے پاکستانی وفدکا دورہ اسرائیل بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولی موقف سے خیانت قرار دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کی چوروں کی امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی ہے ہم کسی صورت ان چورں اور ان امریکیوں کی غلاموں کو قبول نہیں کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ان چوروں کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے نکلے ہوئے ہیں، اوراللہ نے کہا ہے کہ جب آزادی کے لیے قوم کھڑی ہوتی ہے تو وہ جہاد ہے، اسی لئے مردان سے اور لاہور سے جو کارکن شہید ہوئے، ان کا بڑا اونچا رتبہ ہے وہ آزادی کے لیے نکلے تھے۔

ان کا کہنا تھا جب تک زندہ ہوں اپنی جدوجہد اور جہاد چوروں کے خلاف ختم نہیں کروں گا۔ میں پوری قوم کو تیار کررہا ہوں، اب جو کال دوں گا، اب ہم ایک ایک چیز کی تیاری کریں گے۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہمارا جمہوری حق ہے کہ پُرامن احتجاج کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ، جوتے پالش کرنے والے شہباز شریف اور ان کے کرپٹ بیٹے حمزہ شریف کان کھول کر سن لو، جو ظلم کیا قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی، اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے جیلوں میں ڈلوائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی صدر کی پاکستانی وفود سے ملاقات کی تصدیق،امپورٹڈ حکومت کو سانپ سونگھ گیا

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، اگر ہمارا حق نہ دیا گیا تو ہم حق چھینیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے کیا کیا، پہلے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی کیونکہ ان کو آئی ایم ایف سے حکم ملا، اور آئی ایم ایف پر امریکہ کا کنٹرول ہے۔واضح رہے کہ پاکستنی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا کوئي سرکاری وفد اسرائیل کے دورے پر نہيں گیا اور نہ ہی پاکستان اسرائيل کو تسلیم کرےگا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button