رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کا مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کے انتقال پر تعزیتی پیغام
شیعیت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں فرمایا کہ مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کی وسیع علمی معلومات، جوانوں کے لئے فیوض و برکات کا ذریعہ اور وسیلہ تھیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مرحوم فاطمی نیا کے اہل خانہ ، دوستوں اور شاگردوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم شیریں بیان خطیب تھے جن کے پاس وسیع معلومات تھیں اور جوان، ان کی معلومات سے مستفیض ہوتے تھے۔ ان کے فقدان پر سخت افسوس ہوا ہے۔ اللہ تعالی مرحوم پر اپنی رحمت و مغفرت نازل فرمائے اور ان کی زحمات پر انھیں وافر مقدار میں اجر و ثواب عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ مرحوم آیت اللہ سید عبداللہ فاطمی نیا بہترین معلم اخلاق، عارف ، خطیب توانا ، اسلامی مؤرخ ہونے کے علاوہ علم رجال اور عرفان میں صاحب نظربھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید فلسطینی کے جلوس جنازہ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 52 فلسطینی زخمی
مرحوم 1325 شمسی میں تبریز کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ مرحوم سید عبداللہ فاطمی نیا نے تبریز کے بزرگ عارف آیت اللہ مصطفوی تبریزی سے 30 سال تک علوم ظاہری و باطنی حاصل کیا۔ مرحوم مصطفوی تبریزی ، عارف بزرگ مرحوم آیت اللہ قاضی کے ممتاز شاگردوں میں سے تھے۔
مرحوم آآیت اللہ فاطمی نیا نے مکتب اہل بیت(ع) کی ترویج اور تبلیغ کے سلسلے میں شاندار اور گرانقدر کردار ادا کیا۔ مرحوم نے علمی، عملی اور اخلاقی میدانوں درخشاں اور عظیم الشان نمونے قائم کئے ،جو آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ مرحوم متقی، پرہیزگار، بےباک ، نڈر اور مخلص خطیب تھے۔
عوام اور خاص طور پر جوانوں کا مرحوم سے خاص اور والہانہ لگاؤ تھا ۔ وہ ایسے توانا خطیب تھے جو آسانی کے ساتھ عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے تھے۔مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کو انقلاب اسلامی اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ بھی والہانہ محبت تھی ۔ وہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مخالفت کو معصیت اور گناہ سمجھتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے قریبی اور دیرینہ دوست آقائ امجد کے انقلاب اسلامی سے انحراف کے بعد ان سے دوری اختیار کرلی۔
مرحوم ذمہ دار ، وظیفہ شناس ، دیندار اور مخلص انسان تھے اور اخلاقی اور معنوی اقدار کے اعلی مدارج پر فائز تھے۔







