مقبوضہ فلسطین

مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں پرتشدد جھڑپیں

شیعیت نیوز: اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر جمعرات کی صبح دھاوا بول دیا جس سے پرتشدد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

قدیمی شہر اور مسجدِ اقصیٰ کی جنوبی دیوار سے متصل سلوان قصبے میں بڑے پیمانے پر چھاپے اور گرفتاریاں ہوئیں۔

اسی طرح کی پرتشدد جھڑپیں مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبے العیساویہ میں پھوٹ پڑیں، جب اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کے بموں اور ربڑ کی گولیوں کی شدید فائرنگ کی۔

اسرائیلی قابض فوج نے جنین کے رمّانہ اور قباطیہ قصبوں میں دو نوجوانوں کو ان کے آبائی گھروں سے گرفتار کیا۔

ایک نوجوان کو الخلیل سے حراست میں لیا گیا جب کہ دو دیگر کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔

فلسطینی نوجوانوں نے بیت لحم کے تقوہ قصبے میں آباد کاروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونی دشمن ناپید ہو رہا ہے، سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ

مسجدِ اقصیٰ کے داخلی دروازے پر اسرائیلی پولیس فورسز کی گولیوں کا نشانہ بننے سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوا۔

مقبوضہ بیت المقدس میں  اسرائیلی فورسز نے بیت حنینا قصبے میں صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قتل کی مذمت کرنے والے احتجاجی جلوس کو کچل دیا۔

جھڑپوں کے دوران طبی عملے کے ایک کارکن سمیت کم از کم 5 نوجوان زخمی ہوئے جبکہ 6 کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب غرب اردن میں الجزیرہ ٹی وی کی فلسطینی رپورٹر شہید شیرین ابو عاقلہ کے جنازے میں بہت بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے شرکت کی۔

غرب اردن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق شہید شیرین ابو عاقلہ کا جنازہ جمعرات کو جلوس کی شکل میں رام اللہ کے اسپتال سے مقبوضہ قدس کے فرانسیسی اسپتال لے جایا گیا۔

شہید شیرین ابو عاقلہ کو جمعے کی شام باب الخلیل کے کیتھولک چرچ میں ان کے والدین کی قبر کے پاس سپرد خاک کیا جائے گا۔

شہید شیرین ابو عاقلہ کے جنازے میں، فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم، تنظیم آزادی فلسطین کی مجلس عاملہ اور الفتح تحریک کے اراکین، فلسطینی انتظامیہ کے سبھی اعلی عہدیداروں، مختلف فلسطینی تنظیموں کے نمائندوں، سفارتکاروں، علمائے دین، صحافیوں اور بہت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button