یوم شہادت امام علیؑ پر نکلنے والے جلوس ہائے عزا بخیر وعافیت اختتام پذیر

23 اپریل, 2022 21:39

شیعیت نیوز: امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کا یوم شہادت 21 رمضان المبارک کوملک بھرمیں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔کراچی، لاہور، راولپنڈی، گلگت ، سکردو، پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نکالے جانے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوکر اپنی اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر بخیر وعافیت اختتام پذیر ہوگئے۔

کراچی میں یوم علیؑ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، مرکزی مجلس عزا سے علامہ محمد امین شہیدی نے خطاب کیا جس کے بعد یوم حضرت علیؑ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہوکر سر شاہ نواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، کھارادر اور نواب محبت خانجی سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔ امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین مولانا سید احمد اقبال رضوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

بعد ازاں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستے صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک سے تبت سینٹر اور جامع کلاتھ، سٹی کورٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم علیؑ پر دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، 7 تکفیری دہشتگرد گرفتار

دوسری جانب شہادت مولائے کائناتؑ کی مناسبت پر یوم علی علیہ السلام کا جلوس آج رات بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقہ علمدار روڈ سے برآمد ہوا۔ جلوس کا آغاز امامبارگاہ نیچاری سے ہوا جو سحری تک مرکزی بازار اور متعلقہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ تک پہنچے گا۔ جلوس میں مختلف امامبارگاہوں کے ماتمی دستے نوحہ خوانی اور ماتمداری کے ذریعے مولائے کائناتؑ کو پرسہ دینگے۔ جلوس کی نگرانی کیلئے وزارت داخلہ اور انتظامیہ نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔

روٹ کو پہلے ہی کلیئر کردیا گیا ہے اور متعلقہ راستوں پر واقع دکانوں اور مسافر خانوں کو تلاشی کے بعد انتظامیہ کی نگرانی میں بند کردیا گیا ہے۔ جلوس کی نگرانی کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے مختلف اسکاؤٹس کے اراکین بھی ڈیوٹی پر موجود ہونگے۔

2:14 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top