عراق میں داعش کی دہشت گردی، الجزیرہ الثرثار میں 4 افراد کے سر قلم کر دیئے

28 مارچ, 2022 08:50

شیعیت نیوز: عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ الجزیرہ الثرثار میں دہشت گرد گروہ داعش نے 11 شہریوں کو اغوا کیا اور 4 افراد کے سرقلم کئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے نینوا میں حشد الشعبی کے آپریشنل کمانڈر خضیر المطروحی نے کہا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے 11 عراقی شہریوں کو اغوا کیا اور انہیں عراق کے صوبوں نینوا، الانبار اور صلاح الدین کے علاقے الجزیرہ الثرثار میں لے گئے اور ان میں سے چار چرواہوں کے سر عراقی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں قلم کر دیئے۔ جبکہ اغوا ہونے والے دیگر 7 افراد کی سرنوشت کا ابھی تک کوئی علم نہیں ہے۔

المطروحی نے کہا کہ الجزیرہ الثرثار تین صوبوں صلاح الدین، الانبار اور نینوا میں داعشی دہشت گردوں کا سب سے بڑا اڈہ ہے اور اس نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرکوک میں داعش کے دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں عراقی سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ عراق نے دوہزار سترہ میں داعش کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم بغداد ، صلاح الدین، دیالہ، کرکوک ، نینوا اور الانبار صوبوں میں اس کے باقیات اب بھی موجود ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں : عراقی کردستان کا 40 فیصد تیل اسرائیل جاتا ہے، سابق رکن پارلیمنٹ کا انکشاف

دوسری جانب عراق میں دہشت گرد امریکی فوجیوں کے کاروان کے راستے میں دھماکہ ہوا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ ذی قار کے الناصریہ شہر میں دہشت گرد امریکی فوجیوں کے کاروان کی راہ میں دھماکہ ہوا، جس کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی اور رپورٹ ملنے تک اس دھماکے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔

حالیہ چند ماہ کے دوران امریکہ کے مسلح کاروانوں پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔

امریکی مسلح کاروانوں پر ہونے والے یہ حملے ایک ایسے وقت انجام پارہے ہیں جب عراقی پارلیمنٹ، سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب سربراہ ابومہدی المہندس کی شہادت کے بعد عراق میں موجود امریکہ کے باوردی دہشت گردوں کے مکمل انخلا کا بل پاس کرچکی ہے۔

عراقی استقامتی گروہوں کا کہنا ہے کہ جب تک دہشت گرد امریکی فوجی ملک سے باہر نہیں نکل جائیں گے اس وقت تک حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

9:33 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top