دنیا

شامی صدر بشار اسد کے دورۂ متحدہ عرب امارات سے مایوسی ہوئی، امریکہ

شیعیت نیوز: شام کو الگ تھلگ کرنے میں ناکام ہوئے امریکہ نے شامی صدر بشار اسد کے دورۂ متحدہ عرب امارات پر منفی رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نڈ پرائس نے سنیچر کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہمیں بشار اسد کو قانونی حیثیت دینے کی اس ظاہری کوشش سے گہری مایوسی ہوئی اور تکلیف پہونچی ہے۔

نڈ پرائس نے کہا کہ وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے تاکید سے کہا ہے کہ ہم اسد کو دوبارہ بحال کرنے کی کوششوں کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ان کی حمایت کرتے ہیں جو تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔

شام کے صدر بشار الاسد جمعے کے روز دورۂ متحدہ عرب امارات پہونچے جہاں انہوں نے ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد آل نہیان اور دوبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات اور گفتگو کی۔

بشار اسد کے ساتھ اپنی ملاقات میں ولی عہد نے شام کو عرب سکیورٹی کا بنیادی ستون قرار دیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات شام کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے ساتھ ہی انہوں نے دونوں ملکوں کے عوام میں تعلقات کو برادرانہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : اربیل میں ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی فوج شام اور لبنان کی سرحد پر تیار ہے، الشرق الاوسط

دوسری جانب امریکہ کا ایک جنگی طیارہ ناروے میں حادثے کا شکار ہو گیا اور اس میں سوار چار فوجی ہلاک ہوگئے۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیٹو کی فوجی مشقیں چل رہی تھیں کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے مقامی وقت کے مطابق 6 بج کر 26 منٹ پر حادثہ پیش آیا۔

ناروے کی فوج نے بتایا کہ طیارے میں سوار چار امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تائید ہوگئی ہے۔

ناروے کی فوج کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ امریکی بحریہ کا وی-22 بی آسپرے تھا۔

ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر اسٹور نے سنیچر کو یہ اطلاع دی کہ اس فوجی مشق کا جنگ یوکرین سے ہوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ جمعہ کی رات ہوئے اس حادثے میں امریکہ کے 4 فوجی ہلاک ہوگئے، ہم ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ اور ساتھیوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 14 مارچ سے نیٹو کی فوجی مشقیں شروع ہوئی ہیں جس میں دنیا کے 27 ممالک کے تقریبا 30 ہزار فوجی، 220 طیارے اور 50 جہاز شامل ہیں۔ اس میں غیرنیٹو رکن فنلینڈ اور سوئڈن بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ فوجی مشق 1 اپریل کو اختتام پذیر ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button