یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن
شیعیت نیوز: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ یوکرین رو س کو جنگ میں ہرا سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روسی حملے کے خلاف یوکرین کے عوام کی مزاحمت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں یوکرین جنگ کتنا عرصہ چلے گی لیکن یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے، یوکرینی عوام وقت کے ساتھ سرخرو ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ یہ جنگ پہلے ہی روسی صدر پیوٹن کی منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہورہی اور روس یوکرینی عوام کی خواہشات کو دبا نہیں سکتا۔
انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ روس پوری عسکری قوت لگاتا ہےتویوکرین کے لیے مقابلہ کرنا مشکل ہوگا جب کہ بین الاقوامی برادری پرعزم ہے کہ وہ یوکرین کی مدد کے لیے سب کچھ کرے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اتحادیوں کو جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے متعلق تشویش ہے۔ انٹونی بلنکن نے جنگ کے انتخاب پر پیوٹن پر دباؤ برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سید وصال حیدر نقوی کی بلاجواز گرفتاری ،کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا
دوسری جانب امریکہ کے سابق وزیر خارجہ مائک پومپئو نے تائیوان کو باضابطہ طور پر قبول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق مائک پومپئو کا کہنا ہے کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ تائیوان کو ایک ملک کے طور پر باضابطہ قبول کرے۔
فارس نیوز نے روئٹرز کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو یہ کام بہت جلد انجام دینا چاہئے۔
جو بائیڈن کی حکومت نے چین کے بارے میں اپنے سابق سربراہوں کی ہی پالیسیوں کی پیروی کی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے اربوں ڈالر کے دفاعی بجٹ کو منظوری دی ہے۔
امریکہ کے اس دفاعی بجٹ میں چین کا مقابلہ کرنے اور تائیوان کی حمایت کے لئے لاکھوں ڈالر مخصوص کئے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چین، تائیوان کو اپنا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ امریکہ کی جانب سے تائیوان کو ہتھیاروں سپلائی کی وہ مخالفت کرتا ہے اور اس کو وہ چین کی ارضی سالمیت کے خلاف تصور کرتا ہے۔







