یوکرین میں فلسطینی برادری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، احمد الدیک
شیعیت نیوز: فلسطینی اتھارٹی میں امور خارجہ اور تارکین وطن کے وزیر کے سیاسی مشیر احمد الدیک نے جمعہ کو کہا کہ یوکرین میں پھنسے فلسطینیوں کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے چار اہم کرائسس سیلز بنائے گئے ہیں۔
احمد الدیک کا کہنا تھا کہ حکومت یوکرین میں موجود فلسطینی برادری کی بھرپور طریقے سے مدد کرے گی اور ان کے حالات پر گہری نظررکھی جائے گی۔ دن رات ہر ممکن کوشش کریں گے کہ فلسطینی کمیونٹی کو محفوظ بنایا جا سکے۔ یوکرین میں ہمارے طلبا کی بڑی تعداد موجود ہے جن کا ہرحال میں تحفظ کیا جائے گا۔
ایک بیان میں سفیر الدیک نے یوکرین میں فلسطینیوں اور فلسطینی طلبا کی حفاظت کا یقین دلایا اور اس بات پر زور دیا کہ ان میں سے کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
انہوں نے یوکرین میں آپریشن کے آٹھویں دن کے موقعے پر کہا کہ انخلاء کا عمل چوبیس گھنٹے جاری رہتا ہے، یوکرین میں قائم کرائسز سیل کی براہ راست فیلڈ نگرانی کی جا رہی ہے۔
فلسطین کے سفیر، سفارت خانے کے عملے، کمیونٹی رہنماؤں، جنرل یونین کے عہدیداروں کے درمیان مکمل شراکت داری اور رابطہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی حفظہ اللہ کا سانحہ پشاورکی مذمت و اظہار تعزیت
دوسری جانب ہزاروں فلسطینی مرد و خواتین اور بچوں نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازِ جمعہ ادا کی۔
اسرائیلی قابض حکام نےمغربی کنارے سے بڑی تعداد میں آنے والے فلسطینیوں کو راستے میں روک دیا۔ اس کے باوجود سیکڑوں نمازی رکاوٹیں عبور کرتے مسجد میں پہنچے۔
جگہ جگہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی جانچ پڑتال جیسے تاخیری حربے پُر عزم نمازیوں کا کڑا امتحان تھے۔
مسلسل دسویں ہفتے، آج صبح ہزاروں فلسطینوں نے مسجدِ اقصیٰ میں فجر کی نماز ادا کی تاکہ ارضِ مقدس سے روحانی تعلق قائم رہے اور اس میں اضافہ ہو۔
دریں اثناء بڑی تعداد میں الخلیل کی ابراہیمی مسجد میں نمازِ فجر ادا کی گئی۔
فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیلی منظم یہودیت پالیسی کے جواب میں اہلِ فلسطین کو بڑی تعداد میں مقدس مقام پر حاضری کی ترغیب دی تھی۔
حماس نے بیت المقدس، مغربی کنارے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ میں فجر کی نماز میں شرکت کریں۔







