امریکہ اپنی بیس سالہ ناکامی سے عبرت حاصل کرے، مفتی لطیف اللہ حکیمی
شیعیت نیوز: طالبان کی عبوری حکومت کے نائب وزیر دفاع مفتی لطیف اللہ حکیمی نے امریکہ سے افغانستان کے عوام کے ساتھ محترمانہ رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف افغانستان میں طالبان نے داعش دہشت گرد تنظیم سے وابستہ 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
طالبان کے نائب وزیر دفاع مفتی لطیف اللہ حکیمی نے ایران پریس کو اپنے خصوصی انٹرویو میں افغانستان کے اثاثے منجمد کرنے پر امریکہ کی مذمت کی اور کہا کہ امریکیوں نے گذشتہ بیس برسوں کے دوران افغان عوام کو ہر طریقے سے ستایا اور ان سے زور زبردستی کی۔
طالبان کی عبوری حکومت کے نائب وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی حکام افغان عوام کے اثاثے منجمد کرنے کے موضوع کو چھپا نہیں سکتے۔
طالبان حکومت کے نائب وزیر دفاع مفتی لطیف اللہ حکیمی نے افغان فوج کے ڈھانچے کے بارے میں کہا کہ ایک مضبوط فوج کی تشکیل کے لئے نئے معیارات ایجنڈے میں شامل ہیں اور فوج کو پاک صاف اور اقدار کا پابند ہونا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی- کینیڈین چرچ نے اسرائیل کو نسل پرست ریاست قرار دے دیا
دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کی پولیس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کلین اپ کے دوران 6 داعش دہشت گردوں سمیت متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کلین اپ کے دوران 6 کالعدم اور دہشت گرد تنظیم داعش کے کارندوں اور 9 اغوا کاروں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چوری کی وارداتوں میں ملوث 53 افراد کو گرفتار کر کے حراستی مرکز منتقل کردیا گیا۔
آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد سمیت دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابل میں ہونے والے آپریشن میں خواتین پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔






