13 رجب کا دن مناناعظیم سعادت،یہ سادات کے گھروں میں سب سے بڑی خوشی کا دن ہے،یوسف رضا گیلانی

17 فروری, 2022 10:16

شیعیت نیوز: سابق وزیراعظم و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مدینے کی ریاست کا دعویٰ کرنے والوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے یوم ولادت کے موقع پر قوم پر خوفناک پٹرول بم گرایا ہے، جو ناقابل برداشت ہے، یہ حکومت کی ناکامی ہے، اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، یہ وقت عوام کو ریلیف دینے اور اتحاد بین المسلمین کا ہے، میں اس موقع پر پوری قوم کو امیر المومنین، فاتح خیبر و خندق، داماد رسول، امام المتقین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ چوک کمہاراں والا میں رات گئے جشن مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے بڑے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیت سید اسد عباس شاہ نے سید یوسف رضا گیلانی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ولادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر میرا عہد ہے کہ میں اپنی بقایا زندگی پیپلزپارٹی کے ساتھ بسر کروں گا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم 27 فروری کے لانگ مارچ میں بھی بھرپور شرکت کریں گے اور اہل تشیع ووٹ بھی پیپلزپارٹی کو دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے،وزیر اعظم عمران خان خیالی دنیا سے نکل کر حقیقت کا ادراک کریں، علامہ احمد اقبال رضوی

سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمداللہ میرا سادات گھرانے سے تعلق ہے اور آج سادات کے گھروں میں بہت بڑی خوشی کا دن ہے، 13 رجب کا دن منانا ایک عظیم سعادت ہے، یہاں اتحاد بین المسلمین کے داعی موجود ہیں، جن سے میں متاثر ہوا ہوں، میں خود جب وزیراعظم تھا تو تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں سے ملتا تھا اور انہیں اتحاد بین المسلمین کی دعوت دیتا تھا اور میں نے الگ وزارت بھی قائم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد سے ہی ملک و قوم کی سلامتی ہے، آج کے دور میں اتحاد بین المسلمین کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، مولا علی نے سب سے محبت کی ہے، اسی لیے تو مولائے کل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے یوآئی (ف)کے رہنما مفتی عزیز الرحمان نے اپنے طالبعلم کو کتنا عرصہ زیادتی کا نشانہ بنایا؟ متاثرہ لڑکےکا بیان سامنے آگیا

اُنہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہمارا پیارا ملک امن کا گہوارہ بنے اور ہمارے حکمرانوں کو بھی عقل سلیم عطا فرمائے، تاکہ وہ اتحاد بین المسلمین کے لیے کام کرسکیں، الحمد اللہ میں پارلیمنٹ میں ہوں یا باہر ہوں، تمام لوگوں کو ملتا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرے لیے بہت بڑی سعادت ہے کہ میں پاک محفل میں موجود ہوں۔ ان شاء اللہ جب تک زندگی ہے، میں اس طرح کی محافل میں شریک ہوتا رہوں گا، کیونکہ کائنات عالم کی یہ واحد ہستی ہیں، جو آئے بھی خدا کے گھر میں اور گئے بھی خدا کے گھر سے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں اسد عباس شاہ اور تمام منتظمین اور یہاں موجود ہزاروں خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ولادت پاک حضرت علی کی مبارکباد دیتا ہوں۔

3:43 صبح اپریل 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔