ایران

ایرانی ترجمان نے امریکہ کی جانب سے افغانستان سے روکے گئے فنڈز کو لوٹ مار قرار دیا

شیعیت نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان خطیب زادہ نے امریکہ کی جانب سے افغانستان سے روکے گئے فنڈز کو نائن الیون کے متاثرین میں تقسیم کیے جانے کو ’لوٹ مار‘ قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ امریکہ نے کسی دوسرے ملک کے فنڈز کو لوٹا ہو، امریکہ کا ماننا ہے کہ وہ تمام ممالک کے فنڈز کا مالک ہے اور جج یا جیوری کے طور پر فیصلہ سنا سکتا ہے اور جائیداد ضبط کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایک ملک پر حملہ کر کے اپنے ٹیکس دہندگان اور افغانستان کے بے دفاع عوام دونوں کو بلواسطہ طور پر اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے، لیکن پھر بھی وہ افغان عوام کے باقی فنڈز کو اکیلا نہیں چھوڑتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ امریکہ کے لیے شرمناک اور انسانیت سوز فعل ہے، امریکہ کو اس پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ دنیا بدل چکی ہے اور واشنگٹن کو یہ پیغام ملنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی عوام پر پابندیاں عائد کرنا انسانیت کیخلاف جرم ہے، ایرانی خاتون سفیر

خطیب زادہ نے ایران میں روس کے سفیر کی غلط تصویر پر ہونے والے حالیہ تنازع پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر معزز سفیر اور سفارت کار کو معلوم ہے کہ انہیں میزبان ملک کی رائے عامہ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل روس کے ساتھ ایران کے بہترین تعلقات کے موافق نہیں تھا، متعلقہ چینلز کے ذریعے اس معاملے کی پیروی کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات کثیر الجہتی اور کثیر سطحی اسٹریٹجک شراکت داری ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کا حالیہ دورہ روس اور ان کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ طویل ملاقات، دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے کے منصوبے اور روس اور ایران کی باہمی حمایت دونوں ممالک کے درمیان صف بندی کی نشاندہی کرتی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button