امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کےیوم ولادت پر پاکستان کی فضاء حیدرؑحیدرؑ کی صداؤں سے گونج اٹھی
شیعیت نیوز:داماد رسولؐ ، پدر حسنین کریمینؑ ، ہمسر بتولؑ ، امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت اور عالمی یوم پدر کے موقع پر دنیا بھرکی طرح پاکستان کے طول وعرض میں بھی جشن ، چراغاں اور محافل میلاد ومنقبت کا سلسلہ مذہبی عقیدت واحترام وجوش وجذبے کے ساتھ جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 13 رجب المرجب یوم ولادت مولائے کائنات حضرت علی المرتضیٰ شیر خداؑ کے یوم ولادت پر مسرت موقع پر ملک بھر میں عاشقان ومولیان حیدر کرارؑ جشن منا نے میں مصروف ہیں، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں میں مساجدوامام بارگاہ ، گلی محلوں اور گھروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیروان ولایت امیر المومنینؑ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس نعمت عظمیٰ کی قدر کریں ، سیدہ زہرا نقوی
ہر مسجد وامام بارگاہ میں محافل میلاد ومنقبت کا سلسلہ 12 رجب کی شب سے ہی جاری ہے ، شعراء منقبت خواں اور خطباء فضائل ومناقب مولائے متقیان ؑ بیان کررہے ہیں۔ جبکہ مومنین کی جانب سے لذیز پکوانوں اور شیرنی سے مومنین ومومنات کی تواضع بھی کی جارہی ہے جبکہ گھر گھر نذر ونیاز اور دسترخوانِ جناب امیر ؑ کا بھی اہتمام کیا جارہاہے ۔
مختلف ملی تنظیمات کی جانب سے مختلف شہروں میں جشن مولود کعبہ ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں، پورے ملک کی فضاء حیدر حیدرکے نعروں سے گونج رہی ہے ، جبکہ اس موقع پر زائرین کی بڑی تعداد سہیون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ، شاہ لطیف بھٹائیؒ ، سچل سرمتؒ ،عبد اللہ شاہ غازی ؒ اور دیگر اولیاء اللہ کے مزارات پر بھی حاضری دے رہی ہے ۔







