کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر بھر پور عملی اقدامات سے حل ہوگا، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز: سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر بھر پور عملی اقدامات سے حل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر غور کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کیساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جا سکے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، خطے میں مستقل امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہے، اظہار یکجہتی ریلیوں میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ کشمیری عوام ایک عرصہ سے اپنی آزادی کی تمنا لئے ہوئے کہیں جام شہادت نوش کر رہے ہیں تو کہیں عصمت دری، پیلٹ گنز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ریاستی جبر و ظلم کا کونسا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایاگیا ہو مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشتہ اسلام ناب شہید مظفر علی کرمانی ؒجنہیں ہم سے بچھڑے 21 برس بیت گئے
انہوں نے کہا کہ افسوس پاکستان کی طرف سے مختلف اقدامات اٹھائے گئے مگر کشمیریوں کی آزادی کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جو تحریک آزادی کو آگے بڑھائے۔انہوں نے کہا کہ ماسوائے جنگ کے ایسا قابل قبول اور قابل عمل طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر ”جو جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے قیام کیلئے انتہائی ضروری مسئلہ ہے“ حل ہو اور کشمیری عوام کو بھی اپنی سرزمین پر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ عاشورا کراچی کا مرکزی ملزم اورشیعہ نسل کشی کا ماسٹر مائنڈ اجمل پہاڑی جیل سے رہا
انہوں نے تجویز کیا کہ کشمیری قیادت اور تمام قومی طبقات تجاویز مرتب کریں اور اقدامات اٹھائے جائیں تو پھر نہ صرف کشمیری عوام کی ڈھارس بندھے گی بلکہ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا مسئلہ سنجیدہ حل کی جانب بھی بڑھے گا۔ افسوس اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار قابل ذکر تک نہ رہا۔ انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور طریقے سے ان ریلیوں میں شریک ہو کر اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کریں۔







