اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ کا دورہ متحدہ عرب امارات حماس کی شدید مذمت
شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے صیہونی ریاست کے صدر اسحاق ہرتصوغ کے امارات کی سرزمین پر استقبال کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی دشمن اور اس کے قائدین کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات کو معمول پر لانے کی روش کو مسترد کرنے پر زور دیا۔
حماس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ یہ دورہ ہمارے عوام پر قابض ریاست کے حملوں، قتل عام، گرفتاریوں اور نسلی تطہیر کی پالیسی میں اضافہ کے پیش نظر ہوا ہے۔ ہمارے ساتھ اسرائیلی ریاست ظلم کررہی ہے اور ہمارے مسلمان ممالک فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والوں کا اپنی سرزمین پر والہانہ استقبال کررہے ہیں۔
حماس نے مزید کہا کہ قابض ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا اور اس کے لیڈروں کے دورے دشمن کوفلسطینیوں کے خلاف جارحیت جاری رکھنے اور ان کے حقوق سے انکار کی ترغیب دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی جانب سے علاقائی دفاتر کے قیام کا آغاز کر دیاگیا
حماس نے متحدہ عرب امارات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امارات نے اسرائیلی ریاست کا استقبال کرکے فلسطینی قوم کی پیٹھ مین خنجر گھونپا اور صیہونی مفادات کے لیے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کے سودے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔ امارات کا یہ اقدام صیہونی دشمن ملک کے مفادات کے مطابق اور عرب اور اسلامی دنیا کے مؤقف سے انحراف ہے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں کل اتوار کو متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچے ہیں جو اپنی نوعیت کا پہلا دورہ ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ آج ہم متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے ہرتصوغ نے دو روزہ دورے کے بارے میں کہا کہ میں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی ذاتی دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کروں گا۔